دھرنوں سے شروع ہونے والے پروجیکٹ کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے‘ رانا مشہود احمد

آپ لیول پلینگ فیلڈ کی بات کرتے ہو تو تخریب کاروں کو لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملتی‘ رہنما مسلم لیگ (ن)

پیر 15 جنوری 2024 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب کے نائب صدر اور حلقہ پی پی 172 سے امیدوار رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ایک نام نہاد لیڈر نے معاشرے کوتقسیم کرکے جھوٹ کی بنیاد پر ریاست مدینہ کا نعرہ لگایا، پی ٹی آئی کی کرتوتوں کا خمیازہ پورہ معاشرہ بھگت رہاہے،آٹھ فروری کا الیکشن ملکی خوشحالی کے سفر کا دوبارہ آغاز کرے گا۔

حلقے میں ووٹرز کے اعزازمیںدئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ پی ٹی آئی کے منافقین نے پاکستان اور اس کے معاشرے کوتقسیم کیا ،ملک میں اوئے توئے کی سیاست کا کلچر متعارف کرایا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ نواز شریف پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے لیکن نوازشریف سرخرو ہوئے۔ آج پاکستانی دو وقت کی روٹی سے محروم ہیں ،کاروبار نہیں چل رہے ،2017-18کا وہ پروجیکٹ جو دھرنوں سے شروع ہوا اس کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ لاڈلا ازم اور ان کے حواریوں کے پیچھے ادارے کھڑے کئے گئے، ہم پوچھتے ہیںفارن فنڈنگ کا فیصلہ کیوں نہیں آرہا ،توشہ خانہ کا فیصلہ کیوں نہیں آ رہا، جسٹس(ر) ثاقب نثار نے اسے صادق و امین قرار دیا جس کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آچکا ہے ،ریحام خان نے جو کتاب لکھی اس پر اسے کہیں چیلنج کیا گیا۔ انہوںنے کہا کہ مکروہ چہرہ پاکستان پر مسلط کیاگیا ،ایک دوسری خاتون نے جو باتیں کیں کیا اسے کوئی عدالت لے کر گیا۔

سب کو پتہ کلبھوشن یادیو کیوںجیل میںہے ،اگر کلبھوشن یادیو کی معافی نہیں تو 9مئی کو ریاست اور قومی سلامتی کے اداروں پر حملہ کرنے والوںکو بھی معافی نہیں ملنی چاہیے ۔ا نہوںنے کہا کہ آپ لیول پلینگ فیلڈ کی بات کرتے ہو تو تخریب کاروں کو لیول پلینگ فیلڈ نہیں ملتی،اگر معافی ہوئی تو کوئی اوربھی اداروں پر چڑھ دوڑے گا۔ انہوںنے کہاکہ لندن میں جب فسادات ہوئے تو انہیں پکڑ کر عمر قید دیدی گئی ،ٹرائلز ہوئے تمام انتشاریوں کو گرفتار کرکے ان کے کاروبار ختم کردئیے گئے ،امریکہ میں کیپٹل ہل پر جو لوگ چڑھے انہیںبھی سزائیںملی ہیں،اگر 9مئی والوں کو معافی ہوئی تو پاکستان آگے نہیں جائے گا۔