انتخابات کے التوا کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،جماعت اسلامی سندھ

فروری کی تاریخ کوپتھر پر لکیر قرار دینے والے منصف انتخابات کے التوا کی قرارداد کا نوٹس لیں۔کسی بھی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے محروم کرنے کے حق میں نہیں،اقتدار میں آکر کرپشن مہنگائی اور ظلم کے نظام کو ختم کرکے اسلام کا عادلانہ نظام نافذ کریں گے، محمد حسین محنتی

پیر 15 جنوری 2024 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2024ء) امیر جماعت اسلامی سندھ سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ انتخابات کے التوا کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی ملک میں 8فروری کو انتخابات کی تاریخ کو پتھر پر لکیر قرار دینے والے منصف کو سینٹ میں قرارداد اور کھلم کھلا ملتوی کرنے کی بات کرنے والوں کا نوٹس لینا چاہئے،کسی بھی سیاسی پارٹی کو اپنے انتخابی نشان سے محروم کرنے کے حق میں نہیں ہیں،اقتدار میں آکر کرپشن مہنگائی اور ظلم کے نظام کو ختم کرکے اسلام کا عادلانہ نظام نافذ، تعلیم و صحت کی مفت سہولیات اور ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے،الیکشن کمیشن سندھ میں سیلیکشن کی بجائے صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے،کراچی تا کشمور مہم شروع کردی ہے دھاندلی کی کوشش کی گئی تو بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوالہ یار میں مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح ، کارنر میٹنگ اور پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی امیر نے مقامی رہنماں کے ہمراہ پریس کلب پہنچ کر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد نیک خواہشات کا اظہار اور پھولوں کے ہار پہنائے ۔امیر ضلع و نامزد امیدوار این اے 217 دیدارِ حسین بہرانی، پی ایس 58 کے امیدوار را جاوید علی، مقامی امیر آصف یاسین اور بزرگ رہنما حاجی شفیق احمد قائمخانی بھی ساتھ موجود تھے۔

امیر صوبہ نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ جماعت اسلامی کسی اتحاد نہیں کرے گی اپنے نشان وجھنڈے پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ کے پی اور پنجاب میں آئین کے مطابق الیکشن مئی میں ہونے تھے،جبکہ ملک بھر میں نومبر میں ہونے تھے جوکہ اب 8 فروری کو ہونے جارہے ہیں اس کے باوجود امن و امان اور موسم دہشت گردی کا بہانہ بناکر التوا کی کوششیں افسوس ناک ہے جو نہ صرف دستور و قانون کے ساتھ مذاق بلکہ ملک وقوم کے خلاف سازش کے مترادف ہے ۔