قائم مقام چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے نام کا اعلان کر دیا گیا

ذکاء اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد شاہ خاور قائم مقام چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ہوں گے، ان کی نگرانی میں نئے الیکشن ہوں گے

muhammad ali محمد علی جمعہ 19 جنوری 2024 23:47

قائم مقام چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے نام کا اعلان کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 جنوری2024ء) قائم مقام چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کے نام کا اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ذکاء اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد شاہ خاور قائم مقام چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی تعینات کر دیے گئے، ان کی نگرانی میں نئے الیکشن ہوں گے۔ شاہ خاور پی سی بی کے چیف الیکشن کمشنر بھی ہیں، انہیں قائم مقام چیئرمین کی اضافی زمے داری سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف نے عہدے سے استعفی دے دیا۔ انہوں نے بطور ممبر بورڈ آف گورنر پاکستان کرکٹ بورڈ بھی استعفٰی دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذکاء اشرف پاکستان کرکٹ بورڈ میں مکمل اتھارٹی نہ ملنے پر نالاں تھے۔ مستعفی ہونے کے بعد اپنے بیان میں ذکا اشرف نے کہا کہ میں کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کر رہا تھا، اس طرح ہمارے لیے کام کرنا ممکن نہیں، میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اب وزیر اعظم پر منحصر ہے کہ وہ کس کو نامزد کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق جمعہ کے روز پی سی بی میں چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں کرکٹ کے مختلف امور پر بات چیت ہوئی ۔اجلاس میں سی او او سلمان نصیر سمیت مینجمنٹ کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اس موقع ذکاء اشرف نے بتایا کہ انہوں نے اپنا استعفی نگران وزیراعظم کو بھجوا دیا ہے۔ پی سی بی کے مطابق ذکا اشرف نے پیٹرن پی سی بی کے اعتماد کا شکریہ ادا کیا جبکہ انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ ذکاء اشرف کو نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کا سربراہ تعینات کیا گیا تھا۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پی سی بی کا الیکشن کروانا ان کے ذمے لگایا گیا تھا، تاہم کئی ماہ گزرنے کے باوجود ذکاء اشرف پی سی بی کا الیکشن کروانے میں ناکام رہے۔