Live Updates

توشہ خانہ، القادر ٹرسٹ کیس ،عمران خان کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم اور ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع

بانی پی ٹی آئی کی ضمانت کی دو درخواستیں دائر، کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کی جائے، درخواست میں موقف

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 جنوری 2024 10:03

توشہ خانہ، القادر ٹرسٹ کیس ،عمران خان کا احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری 2024 ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میںاحتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے اور ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ، عمران خان نے ضمانت کی دو درخواستیں دائر کیں جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کیس کے حتمی فیصلے تک ضمانت منظور کی جائے ۔احتساب عدالت نے دونوں کیسوں میں ضمانت بعد از گرفتاری مسترد کر دی تھی ۔

درخواست میں چیئرمین نیب ، ڈی جی نیب، تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں یہ بھی موقف اپنایاگیا ہے کہ سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے دباو کے باوجود سیاسی نوعیت کے کیسز بنانے سے انکار کیا، میرے اوپر بنائے گئے مقدمات سیاسی انتقام اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پرعدالت نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 190 ملین پاونڈ کیس اور توشہ خانہ ریفرنس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستیں قابل سماعت قرار دے دی تھیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی نیب کیسز میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردئیے تھے، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سیکریٹری داخلہ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دئیے تھے کہ کیس دستیاب بینچ کے سامنے مقرر کیا جائے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی) عمران خان کی اپیلوں پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔

توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے سماعت کی تھی ۔ قبل ازیں 17جنوری کو ہونے والی سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ اور القادر ٹرسٹ کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف عمران خان کی اپیلوں پر ڈویڑن بینچ بنانے کیلئے فائل چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو بھجوا دی تھی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات