ڈنڈا ہر مسئلے کا حل نہیں، ڈنڈے سے معاملہ ٹھیک نہیں ہوگا، عارف علوی

میں کہتا کچھ ہوں ٹی وی پر چلتا کچھ اور ہے، معاملہ کچھ ہوتا ہے اور پیغام کچھ اور جاتا ہے،صدر مملکت کاجامعہ کراچی میں 31 ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 27 جنوری 2024 14:49

ڈنڈا ہر مسئلے کا حل نہیں، ڈنڈے سے معاملہ ٹھیک نہیں ہوگا، عارف علوی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27جنوری2024 ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ڈنڈا ہر مسئلے کا حل نہیں، ڈنڈے سے معاملہ ٹھیک نہیں ہوگا، قرآن و سنت سے قانون بنتا ہے، قاضی کا کام قانون پر عمل کرانا ہے، قرآن میں بھی ذکرہے کہ دشمنی میں بھی انصاف کا دامن نہ چھوڑیں۔ جامعہ کراچی میں 31 ویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ مملکت عارف علوی کا کہنا تھا میں کہتا کچھ ہوں ٹی وی پر چلتا کچھ اور ہے، معاملہ کچھ ہوتا ہے اور پیغام کچھ اور جاتا ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ ریجن میں ہم ڈاکٹر اور انجینئر بنانے میں سب سے پیچھے ہیں، ہمارے کروڑوں بچے اسکول سے باہر ہیں جو تشویشناک ہے۔ ہم نے ہمیشہ ٹیکنالوجی اور نئی ایجاد کی مخالفت کی ہے، آج بھی انٹرنیٹ اور یوٹیوب بند کردیا جاتا ہے، یوٹیوب اور انٹرنیٹ بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

دنیا میں علم کا حصول مسائل کے حل کا واحد راستہ نہیں، دنیا میں تعلیم یافتہ لوگوں نے زیادہ ظلم کیے ہیں، تعلیم تربیت کی بنیاد نہیں ہے۔

صدرِ مملکت عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی عروج پر اور انسانیت زوال پذیر ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ملاقات کی تھی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ایوان صدر میں صدر مملکت اور گورنر گلگت بلتستان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں گلگت-بلتستان کی مجموعی صورتحال ، گندم سبسڈی ، بلتستان یونیورسٹی اور سکردو کے مسائل زیر غور آئے تھے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا گندم سبسڈی معاملے پر انہوں نے نگران وزیراعظم اور وزیرِ خزانہ سے بات کی ہے اور امید ہے کہ گلگت بلتستان کے دیگر مسائل سمیت گندم سبسڈی کا معاملہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔صدر مملکت نے کہا کہ نگران وزیرِ اعظم نے گلگت-بلتستان کونسل کے منتخب ممبران سے گندم سبسڈی معاملے پر ملاقات کیلئے اتفاق کیا تھا۔