عوام کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھ کر دونوں جماعتوں نے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے ،میر نذیراحمد ، حاجی زاہد حسین

ہفتہ 27 جنوری 2024 18:31

پنجگور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) پنجگور میں جمعیت علماء اسلام اور بلوچستان نیشنل پارٹی کا پنجگور کے دونوصوبائی اسمبلی کے نشستوں پر انتخابی اتحاد ،صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی بی 29 میں بلوچ نیشنل پارٹی کے امیدوار وار داد محمد بلوچ جمعیت کے امیدوار حاجی عطاء اللہ بلوچ کے حق میں دستبردار جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 30 میں جمعیت علماء اسلام کے امیدوار حاجی عبدالعزیز بلوچ بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار حاجی عبدالغفار شمبیزئی کے حق میں دستبردار ہوگئے۔

جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 پنجگور کم تربت میں دونوں جماعتوں کے امیدوار بدستور انتخابی میدان میں موجود ہوں گے۔ یہ اعلان دونوں جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے امیدواروں اور پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ جامعہ دارالتوحید تسپ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس سے بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری میر نذیر احمد،مرکزی رہنما امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 258 حاجی زاہد حسین، ضلعی صدر حاجی عبدالغفار شمبیزئی،داد محمد بلوچ، جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم،جنرل سیکرٹری حاجی عبدالعزیز بلوچ، ضلعی نائب امیر امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حاجی عطاء اللہ بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے وسیع تر مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں جماعتوں نے سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ کیا ہے امید کرتے ہیں کہ اس انتخابی اتحاد کے مثبت اور اچھے نتائج ہوں گے اور دونوں جماعتوں کے امیدوار مضبوط پوزیشن میں آکر نشستیں جیت لیں گے۔

انہوں نے کہا بی این پی اور جے یو آئی کیپرانے مراسم ہیں 1970 کے زمانے میں حضرت مولانا مفتی محمود رح نے اپنا پہلا اتحاد جمعیت علماء اسلام کے ساتھ کرکے جو تاریخی فیصلے کئے ان کو قوم کبھی نہیں بھولے گی 2018 اور اب 2024 کے عام انتخابات میں جھلاوان میں جمعیت علماء اسلام اور بی این پی نے انتخابی اتحاد کرکے اس تاریخ کو زندہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجگور کے دونوں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر سیٹ ٹو سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوا ہے جبکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 پنجگور کم تربت کی نشست پر دونوں جماعتوں کے امیدوار مد مقابل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کو پر امن اور صاف وشفاف دیکھنا چاہتے ہیں امید کرتے ہیں کہ عوام کو آزادانہ طور پر اپنے حق رائے دہی استعمال کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا اور عوام جس کو بھی مینڈیٹ دیتاہے اس کا احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور میں انتخابی مہم کے دوران ایک دوسرے کے جھنڈے اور پوسٹرز کی اکھاڑ پچھاڑ اور ایک دوسرے کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال غیر اسلامی اور بلوچی روایات کے برعکس ہیں اس عمل سے نہ صرف تلخیاں پیدا ہونگی بلکہ آپس میں دست گریبان ہونے کے امکانات ہیں الیکشن ہوکے گزرجائیں گے لیکن دشمنیاں پیدا نہیں کرنی چاہیے۔