این اے 221ٹنڈو محمد خان ،پیپلزپاٹی کے سید نوید قمر کو دیگر امیدواروں پر برتری حاصل

پی ایس 66 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سید اعجاز حسین شاہ اور آزاد امیدوار پیر احمد سعید جان سرہندی کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع

ہفتہ 27 جنوری 2024 22:41

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2024ء) ٹنڈومحمدخان میں جنرل الیکشن قریب آتے ہی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی قومی اسمبلی کی نشست این اے 221 پر پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر کے مدمقابل جی ڈی اے کے امیدوار میر علی نواز ٹالپر اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر عرفان نظامانی ہیں اس سیٹ پر ووٹ منقسم ہو جانے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سید نوید قمر کی پوزیشن کچھ بہتر نظر آرہی ہے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس 66 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سید اعجاز حسین شاہ اور آزاد امیدوار پیر احمد سعید جان سرہندی کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ور اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار الطاف نظامانی بھی الیکشن لڑ رہے ہیں ٹنڈومحمدخان کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 میں کل رجسٹرڈ ووٹر3 لاکھ 50 ہزار 845 ہیں جن میں مرد ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 88 ہزار 235 اور عورت ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 62 ہزار 610 ہے الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں 300 پولنگ اسٹیشن قائم کئے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 66 پر کل ووٹروں کی تعداد 1 لاکھ 83 ہزار 875 ہے اور اس حلقے میں 161 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 67 میں 1 لاکھ 66 ہزار 970 ووٹر ہیں اور اس حلقے میں 139 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں