Live Updates

سابق ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، سپریم کورٹ نے اسد قیصر کی نظرِثانی کی درخواست خارج کر دی

سابق وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے نظر ثانی درخواستیں واپس لے لیں، عدالت نے درخواستیں غیر موثر ہونے کی بنیاد پر نمٹا دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 جنوری 2024 12:52

سابق ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، سپریم کورٹ نے اسد قیصر کی نظرِثانی کی درخواست ..
اسلام آباد( اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جنوری 2024ء) سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس کی سماعت ہوئی، سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف عمران خان، اسد قیصر اور عارف علوی کی نظر ثانی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ نے سماعت کی۔ جسٹس منیب اختر، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل بنچ کا حصہ تھے۔

جسٹس اطہر من اللہ بھی پانچ رکنی لارجر بنچ میں شامل تھے۔ سابق اسپیکر اسد قیصر کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دئیے۔ جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ آپ کیس چلانا چاہتے ہیں؟ ۔جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ بخاری صاحب آپ اکیلے رہ گئے ہیں، نعیم بخاری نے کہا کہ تو کیا میں بھی چلا جاؤں؟ جس پر کمرہ عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

(جاری ہے)

نعیم بخاری نے کہا کہ لوگ اکثر میری حس مزاح کو غلط سمجھ لیتے ہیں، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ میں نہیں سمجھوں گا۔

نعیم بخاری نے کہا کہ لوگ تو اب مجھے جنازوں پر بھی نہیں بلاتے، کہتے ہیں کہیں مردہ زندہ ہو کر لطیفہ سنانے کا نہ کہہ دے۔جسٹس منصور علی شاہ نے استفسار کیا کہ آپ اب کیا چاہتے ہیں؟ ۔ نعیم بخاری نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ڈپٹی اسپیکر رولنگ کا عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت مجلس شوری پارلیمنٹ کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی، جسٹس منیب اختر کے سوالات خوش آئند لیکن خوفناک ہوتے ہیں۔

جسٹس منیب اختر نے ریمارکس دئیے کہ مجھے سوال پوچھ تو لینے دیں آپ پہلے ہی ڈرا رہے ہیں، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات عام نہیں ہوتے وہ محض افسران نہیں ہوتے، جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ وہ قانون دیکھا دیں جس کے تحت اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر کو اختیارات دیئے گئے، بعدازاں سابق وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے نظر ثانی درخواستیں واپس لے لیں عمران خان کے وکیل نے کہا کہ ہماری درخواست غیر موثر ہو چکی ہے، عدالت نے درخواستیں غیر موثر ہونے کی بنیاد پر نمٹا دیں۔جب کہ سپریم کورٹ نے اسد قیصر کی نظرِثانی کی درخواست خارج کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات