Live Updates

یہ فیصلے 8فروری تک کیلئے ہیں،اعتزاز احسن

342کا مقدمہ بہت حساس ہوتاہے اس مقدمے میں وکیل کا ہونا ضروری ہے،ماہر قانون کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 31 جنوری 2024 11:47

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2024 ء) ماہر قانون اعتزاز احسن کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے سزاسنانے پر کہا ہے کہ 342کا مقدمہ بہت حساس ہوتاہے اس مقدمے میں وکیل کا ہونا ضروری ہے ،یہ فیصلے 8فروری تک کیلئے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا مزید کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں پی ٹی آئی ووٹر 8فروری کو گھروں سے نہ نکلے۔

عدالتوں کے فیصلہ پی ٹی آئی ورکرز کو مایوس کرنے کیلئے ہیں۔نواز شریف نے بھی توشہ خانہ سے بہت کچھ لیا ہے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں 14، 14 سال قید کی بامشقت کی سزا سنا دی ۔اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی۔

(جاری ہے)

جج محمد بشیر نے اڈیالہ جیل میں مختصر فیصلہ سنایا، جس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

دوران سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی سے سوال کیا آپ نے اپنا 342 کا بیان جمع کرایا ہے؟ جس پر عمران خان نے کہا میں نے بیان تیارکر لیاہے، بشریٰ بی بی اور میرے وکلا آئیں گے تو بیان جمع کراوٴں گا۔بانی پی ٹی آئی کو کسی بھی عوامی عہدے کیلئے 10 سال کیلئے ناہل قرار دے دیا گیا ہے جبکہ دونوں پر 787 ملین روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے جج سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کو اتنی جلدی کیوں ہے؟ میرے ساتھ دھوکا ہوا ہے، مجھے تو صرف حاضری کیلئے بلایا گیا تھا، اس کے بعد بانی پی ٹی آئی غصے سے کمرہ عدالت سے چلے گئے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے تھوڑا وقت دیں، میرے وکلا آ رہے ہیں تاہم جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی کو وقت دینے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں جج نے جیل سپرنٹنڈنٹ کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ آپ کمرہ عدالت آئیں ہم نے اپنی کارروائی مکمل کرنی ہے لیکن بانی پی ٹی آئی نے انکار کر دیا جس کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس کا مختصر فیصلہ سنا دیا۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات