اسٹیل ملز خطباء،آئمہ ومؤذنین کو فوری بحال کرے،قادربخش کلمتی

بدھ 31 جنوری 2024 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما ونامزد امیدوار این اے 229 قادر بخش کلمتی نے اسٹیل ملز ملازمین کی تنخواہوں کو روکنے اور برطرفی کے عمل پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ انتظامیہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے بجائے لوگوں کو بے روزگار کر رہی ہے جو کہ انتہائی نامناسب عمل ہے، تمام علماء کرام، خطیب حضرات اور موذنین و آئمہ حضرات کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں،تمام ملازمین کو فوری بحال کیاجائے۔

واضح رہے پاکستان اسٹیل ملز کی مختلف مساجد میں کنٹریکٹ پر خدمات سرانجام دینے والے 32 علماء و مؤذنین حضرات کو برطرف کردیا گیا ہے اورانہیں گزشتہ 4 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں۔ تفصیلات کے مطابق مختلف مساجد میں خدمات سرانجام دینے والے خطیب حضرات مولانا مرتضٰی حسین، مولانا سلیمان، مولانا مظہر سعید، مولانا عمر فاروق، مولانا عبد الحلیم اورمؤذن حضرات قاری عبد الرحمن معاویہ، قاری غفران، قاری غلام مرتضی سومرو، حافظ شوکت علی، قاری محمد عرفان کا کہنا ہے کہ بلاوجہ تنخواہیں روکنے کے بعد اب ہمیں برطرف کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جو کہ انتہائی غلط عمل ہے ہمارے چھوٹے چھوٹے معصوم بچے فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کہ مہنگائی کے اس بدترین دور میں ہمارے حال پر رحم کیاجائے اور فوری طور پر بحال کرکے تنخواہوں کی ادائیگی شروع کی جائے۔