مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ بزنس فرینڈلی رہی ہے،عابد شیرعلی

جمعہ 2 فروری 2024 14:50

مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ بزنس فرینڈلی رہی ہے،عابد شیرعلی
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما وسابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 102 فیصل آبادنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہمیشہ بزنس فرینڈلی رہی ہے،اگر ہماری حکومت آئی تو عوامی مینڈیٹ کے ساتھ نہ صرف کاروباری طبقہ کے مسائل حل کئے جائیں گے بلکہ انہیں تمام ممکن ریلیف بھی فراہم کیا جا ئے گا ۔

وہ اپنے اور امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 116 فیصل آباد رانا احمد شہر یار خان کے اعزاز میں حرم کلاتھ مارکیٹ، فیصل آباد کے تاجروں کی جانب سے منعقدہ انتخابی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں سابق ڈپٹی میئر و سپریم انجمن تاجران (امین بٹ گروپ)کے چیئرمین محمد امین بٹ،سٹی کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری عباس حیدر،حرم کلاتھ مارکیٹ کے صدر شیخ ارسلان اسلم اچھی،جنرل سیکرٹری شیخ نعیم حبیب کے علاوہ گھنٹہ گھر کے آٹھوں بازاروں کی تاجر تنظیموں کے منتخب صدورودیگر عہدیداران اوردکانداروں و تاجران نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور چوہدری عابد شیرعلی سمیت فیصل آباد کے تمام لیگی امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی کی بھرپور تائید و حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرچوہدری عابد شیرعلی اور رانا احمد شہریار خاں نے تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے وہ اس پر پورا اترنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے ہمیشہ تاجر دوستی کا ثبوت دیا ہے اورمیاں محمد نواز شریف تاجروں کو خصوصی اہمیت دینے سمیت تاجروں سے مشاورت کے بعد تاجر دوست پالیسیاں بناتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر کاروبار چلے گا تو معاشی خوشحالی آئے گی اور مہنگائی، غربت و بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کی صورت میں ملک میں دوبارہ خوشحالی آئے گی،کاروبار چلیں گے اور ملکی تاجر خوشحال ہوں گے۔انہوں نے یقین دلایا کہ انشا اللہ کامیابی کے بعد حرم کلاتھ مارکیٹ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرائے جائیں گے۔کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سپریم انجمن تاجران کے چیئرمین محمد امین بٹ،سٹی کلاتھ مارکیٹ کے جنرل سیکرٹری عباس حیدر،حرم کلاتھ مارکیٹ کے صدر شیخ ارسلان اسلم اچھی،جنرل سیکرٹری شیخ نعیم حبیب و دیگر مقررین نے چوہدری عابد شیرعلی اور رانا احمد شہریارخاں کو اپنے مکمل تعاون و حمایت کا یقین دلایا ۔