فیصل آباد کے حلقہ این اے 103 سے آزاد امیدوارچوہدری شکیل جٹ مسلم لیگ (ن) کے امیدوارحاجی اکرم انصاری کے حق میں دستبردار ہو گئے

ہفتہ 3 فروری 2024 22:05

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2024ء) فیصل آباد کے حلقہ این اے 103 سے آزاد امیدوارچوہدری شکیل جٹ مسلم لیگ (ن) کے امیدوارحاجی اکرم انصاری کے حق میں دستبردار ہو گئے مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان‘ اس دستبرداری کا علان انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب کے دوران کیا جس کے مہمان خصوصی امیدوار مسلم لیگ (ن) این اے 103 حاجی اکرم انصاری تھے‘ تقریب میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ سٹی کے جنرل سیکرٹری ملک شاہد علی سمیت علاقہ سابق چیئرمین شیخ محمد اسلم‘ ابرار شریف قادری‘ ملک اسحاق‘ چوہدری خاور‘ چوہدری عامر‘ حاجی شاہد‘ چوہدری محمد اقبال نے شرکت کی‘ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری شکیل جٹ نے کہا کہ ہمیشہ پارٹی پالیسی اور قائدین کے فیصلوں کا احترام کیا ہے‘ میں بھی این اے 103 کا امیدوار تھا مگر قائد میاں محمد نواز شریف نے NA103 سے حاجی اکرم انصاری کے حق میں فیصلہ دیا‘ میں اپنے قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور ان کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے خود کو حاجی اکرم انصاری کے حق میں دستبردار ہوتا ہوں‘ آج سے میں اپنے گروپ کے ہمراہ حاجی اکرم انصاری کی انتخابی کمپین کریں گے اور انہیں کامیاب کروائیں گے‘ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی اکرم انصاری نے چوہدری شکیل جٹ کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ جو لوگ پارٹی کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں پارٹی بھی ان کو ان کا جائز مقام دیتی ہے‘ انشاء اللہ اگر میں کامیاب ہوا تو NA103 کا ایم این اے چوہدری شکیل جٹ ہی ہو گا۔