کوہاٹ ،این اے 35 ،پی کے 90 اور92میںانتخابی سرگرمیاں عروج پرپہنچ گئیں

اتوار 4 فروری 2024 20:25

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 فروری2024ء) کوہاٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 اور صوبائی اسمبلی کے تین میں سے دو حلقوں پی کے 90 اور92 پرتین روز بعد 8 فروری کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لینے والے اٴْمیدواروں کی انتخابی سرگرمیاں عروج پرپہنچ گئی ہیں ،ضلع کوہاٹ میںقومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی حلقوں کی دو نشستوں پرمجموعی طورپر4خواتین سمیت 30 سے زائداٴْمیدواروں حصہ لے رہے ہیں جہاں قومی اسمبلی کی واحد نشست پر سب سے بڑا اور کانٹے کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد آزاد اٴْمیدوار اور سابق وزیرداخلہ شہریار آفریدی‘ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مضبوط اٴْمیدوار اور سابق سینیٹرعباس خان آفریدی اورجمعیت علمائے اسلام کے اٴْمیدوار گوہر محمد خان بنگش المعروف سیٹھ گوہرکے مابین متوقع ہے۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی اس نشست پردیگر اٴْمیدواروں میںپی ٹی آئی پارلیمنٹرین کی نامزد خاتون آسیہ سید‘ اے این پی کے نوراسلم‘ ایک خاتون نگہت پروین سمیت کئی دیگر پارٹیوں اورآزاد اٴْمیدوار بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی قومی اسمبلی کی نشست کے لئے کوئی اٴْمیدوارسامنے نہیں لا سکے۔ پولنگ سے قبل ایک خاتون سمیت دو آزاد اٴْمیدوار پہلے ہی دستبردار ہوچکے ہیں۔

کوہاٹ میں صوبائی اسمبلی کی تین نشستیں ہیں جہاں ایک حلقہ پی کے 91 پر اے این پی کے اٴْمیدوار عصمت اللہ خان کی وفات کے باعث اس حلقہ پر انتخابات ملتوی کردیئے گئے ہیں جبکہ حلقہ پی کے 90 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر اطلاعات اور سابق ایم پی اے امجد خان آفریدی‘ پاکستان تحریک انصاف کے نامزدمگر آزاد اٴْمیدوار اور پی ٹی آئی کے ضلعی صدر آفتاب احمدایڈووکیٹ‘ جمعیت علمائے اسلام کے اٴْمیدواراور سابق ایم پی اے محمدشعیب‘ اے این پی کے حاجی یعقوب خان اورخاتون آزاداٴْمیدوار نازیہ بی بی سمیت دیگرکئی اٴْمیداروں کے مابین کانٹے دار مقابلہ ہوگا ۔

یاد رہے کہ امجد آفریدی پاکستان مسلم لیک(ن) کے اٴْمیدواربرائے قومی اسمبلی عباس خان آفریدی کے بھائی ہیں۔پی کے 92کوہاٹ پر پی ٹی آئی کے نامزد آزاد اٴْمیدوار شفیع اللہ جان‘ پی ٹی آئی پارلیمنٹرین اورعمران خان سے راستے جدا کرنے والے سابق ایم پی اے ضیااللہ خان‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے سیدذولفقار علی ‘ جمعیت علمائے اسلام کے نامزد اٴْمیدوارجوہر محمدخان بنگش(جوکہ سیٹھ گوہر اٴْمیدوار برائے قومی اسمبلی کے بھائی ہیں)‘اے این پی کے مسعودخان ‘ جماعت اسلامی کی خاتون اٴْمیدوار شہنیلہ اور دیگر اٴْمیدواروں میں نشست جیتنے کے لئے میدان سجے گا ۔