جاوید ہاشمی کی رہائش گا پر پولیس کا ایک بار پھر چھاپہ،قریبی رشتہ دار گرفتار

پولیس نے رات گاہ پر ہماری رہائش گاہ پر چھاپہ مارا اور جاوید ہاشمی کی عدم موجودگی میں رشتہ دار کو گرفتار کرکے لے گئی،نواسے قاسم ہاشمی کی میڈیا سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 فروری 2024 10:46

جاوید ہاشمی کی رہائش گا پر پولیس کا ایک بار پھر چھاپہ،قریبی رشتہ دار ..
ملتان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 فروری2024 ء) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر پولیس نے ایک بار پھر چھاپہ مارکر قریبی رشتہ دار کوگرفتار کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید ہاشمی کے نواسے قاسم ہاشمی نے  چھاپے کے حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ رات گئے پولیس نے جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارااور ان کی غیر موجودگی میں کچھ رشتہ داروں کو گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی ملتان پولیس کی بھاری نفری نے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا اور ان کے داماد و نواسے سمیت دیگر ملازمین کو گرفتار کیا تھا۔پولیس نے چھاپہ اس وقت مارا جب ان کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ امیدوار مہر بانو قریشی ، زین قریشی سمیت دیگر نے شرکت کرنا تھااورجاوید ہاشمی کے داماد زاہد بہار ہاشمی پنجاب اسمبلی کی نشست پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس نے مقدمہ بھی درج کیا تھا جس میں سینئر سیاستدان کے 2 داماد اور 2 نواسوں سمیت 36 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 22 جنوری کو جاوید ہاشمی نے عام انتخابات سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے حق میں نہیں لیکن الیکشن سے دستبردار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا تھا کہ وہ اپنا سیاسی وزن تحریک انصاف کے پلڑے میں ڈالتے ہیں اور الیکشن سے دستبردار ہوتے ہیں۔

اپنی رہائش گاہ پر پولیس چھاپے کے حوالے سے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ رات ایک بجے پنجاب پولیس کے بیسیوں اہلکاروں نے مخدوم رشید کے علاقے میں میری رہائش گاہ کا محاصرہ کیا اور غیرقانونی طور میرے گھر کی چادر چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے وارنٹ کے بغیر اندر داخل ہوگئے اور چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا تھا۔