نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی بہاولپوروکٹوریہ ہسپتال آمد، او پی ڈی، سرجیکل وارڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا ا فتتاح کیا

پیر 5 فروری 2024 22:48

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال میں او پی ڈی، سرجیکل وارڈ اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا ا فتتاح کر دیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہاولپور سیف سٹی پراجیکٹ اور تھانہ سول لائن کی اپ گریڈڈ بلڈنگ کا بھی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال کے وارڈز کا دورہ کیااور میڈیکل ایمرجنسی،پلاسٹک سرجری، ای این ٹی او ردیگر وارڈز کا بھی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مریضوں، تیمارداروں، ڈاکٹروں او رطبی عملے سے بات چیت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہاکہ آپ کا اپنا ہسپتال ہے، اتنی پیاری بلڈنگ بن گئی ہے اس کا خیال رکھیں۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہاولپور میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال 1906میں تعمیر کیا گیا،پرانی بلڈنگ کو نیا بنانا بہت مشکل ٹاسک تھا۔

(جاری ہے)

محکمہ تعمیرات و مواصلات کی ٹیم کو کریڈ ٹ جاتا ہے کہ وکٹوریہ ہسپتال کی تاریخی بلڈنگ کو خوبصورت انداز میں اپ گریڈ کیاہے۔ نیاہسپتال بھی اگر بنایا جائے تو اپ گریڈڈجیسا وکٹوریہ ہسپتال نہیں بنے گا۔ وکٹوریہ ہسپتال کی پرانی بلڈنگ کی پوری طرح تعمیر نو کی گئی ہے۔ وکٹوریہ ہسپتال اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر 2ارب 10کروڑ روپے لاگت آئی ہے، وکٹوریہ ہسپتال 2ماہ 5دن میں اپ گریڈ کیاگیاہے۔

وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور میں اپ گریڈیشن تاخیر سے شروع کی گئی لیکن جلد مکمل ہوئی۔ آج بہاولپور سیف سٹی پراجیکٹ کاافتتاح کررہے ہیں،آج ہی26ہزار افراد کو زمین الاٹ کرنے کے کاغذات دیں گے۔ کوئی شک میں نہ رہے اگلے چند دنوں میں 26ہزار لوگوں کو ان کی زمین کے کاغذات مل جائیں گے۔ بہاولپور وکٹوریہ ہسپتال کے پرنسپل، نرسز اوردیگر انتظامیہ نے ہسپتال کا خاص خیال رکھناہے۔

ہسپتال کی اونر شپ لیں گے تو معیار ایسا ہی رہے گا۔ بہاولپور میں اوچ شریف سے احمد پور ایسٹ تک سڑک مکمل کر لی گئی ہے۔ ماڑی قاسم شاہ سے ڈیرہ بکھا تک بھی سڑک مکمل کرلی گئی ہے۔ منڈی یزمان سے چاندنی چوک تک سڑک مکمل کر لی گئی ہے۔ گرین پاکستان اور چولستان کی نہروں کا پراجیکٹ بھی ہوگا۔ بہاولپور میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنا بہت بڑی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچے کے آپریشن میں مقامی پولیس نے بہت موثر کردا ر ادا کیاہے۔ مقامی پولیس کو 3 اے پی سی گاڑیاں دی ہیں اور پرانی اے پی سی ز کی مرمت کروا رہے ہیں۔مختصر عرصے میں جتنا کام کرسکتے تھے کیا ہے۔ یہ سب میرا فرض تھا کوئی احسان نہیں۔ خالی منصوبو ں کا اعلان کردینے کا کوئی فائدہ نہیں، منصوبے مکمل ہوں تو فائدہ ہے۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب، سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، کمشنر بہاولپور، ڈی سی اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔