عوامی تحریک آنے والی نسلوں کے بہترین مستقبل کیلئے کوشاں ہیں، سردار عمر دراز

منگل 6 فروری 2024 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری کوآرڈینیشن سردار عمر دراز نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ایک جمہوری عوامی سیاسی جماعت ہے، جو لوگ خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے مصروف عمل رہتے ہیں وہ حقیقت میں ملک و قوم کا اثاثہ ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں لاہور این اے 125،پی پی 159،پی پی 165اورپی پی 166 میں پاکستان عوامی تحریک کے امیدواروں کے انتخابی جلسوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی بھی ان لوگوں کو پسند فرماتا ہے جو انسانیت کی بے لوث خدمت کرتے ہیں۔پاکستان عوامی تحریک کی سیاست عوام کے حقوق اور لوگوں کی خدمت کے لئے ہے،ہم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسردار عمر دراز خان نے پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید بھی کہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کا منشور قوم کو مایوسی اور اندھیروں سے نکال کر امید اور روشنیوں میں داخل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسائل سے دوچار عوام کی زندگیوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا بہترین عبادت ہے جس کا اجر اللہ تعالی دنیا و آخرت میں دونوں جہانوں میں عطا فرماتا ہے ،8فروری کو ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو ملکی معیشت کو مضبوط کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے منشور،عوامی خدمت،جہد مسلسل اور سیاست میں انسانیت کا احترام جیسے بلند افکار و نظریات کی بدولت آج لوگ پاکستان عوامی تحریک میں شامل ہو رہے ہیں۔