گورنر سندھ کے زیر اہتمام گورنر ہائوس میں چھٹے روز بھی جشنِ عید میلاد النبیؐ کی پر نورمحافل کا انعقاد

پیر 1 ستمبر 2025 17:34

گورنر سندھ کے زیر اہتمام گورنر ہائوس میں چھٹے روز بھی جشنِ عید میلاد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں گورنر ہاو س کراچی میں 1500ویں جشنِ عید میلاد النبیؐ کی پرنور محافل چھٹے روز بھی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔پیر کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق اس روحانی تقریب میں مختلف مذہبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق سمیت متعدد شخصیات نے شرکت کی ۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے پر نور محفل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ہمیں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عطا ہوا،ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دین کی تعلیمات پر عمل ہی برکتوں کا ذریعہ ہے، اللہ پر کامل یقین اور اس کے احکامات کی پیروی ہی اصل کامیابی کی ضمانت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جنہیں اللہ اختیار دیتا ہے، ان کی جوابدہی بھی زیادہ ہوتی ہے، جب مجھے یہ منصب ملا، میں نے سب کو دل سے معاف کیا،بدلہ لینے کی روش چھوڑیں، ہر معاملہ اللہ پر چھوڑ دیں۔

گورنر سندھ نے مایوسی سے بچنے، معافی دینے اور دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اصل زندگی وہ ہے جو دوسروں کے لیے گزاری جائے، یہی دلی سکون اور حقیقی کامیابی کا راز ہے۔تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ نے بذریعہ قرعہ اندازی خوش نصیب نسیمہ انصاری اور مبشر احمد بیگ کو عمرہ کے ٹکٹ عطا کیے۔