Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدرکی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات مستحکم بنانے پر زور

پیر 1 ستمبر 2025 17:42

وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدرکی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات مستحکم ..
تیانجن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات کی جس میں پاک-ایران تعلقات مزید مستحکم بنانے پر زور دیا گیا۔چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے ایران کے ساتھ تاریخی اور برادرانہ تعلقات کے عزم کو دہرایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات مشترکہ تاریخ، ثقافتی ورثے اور دینی رشتوں کی مضبوط بنیاد پر قائم ہیں۔وزیراعظم نے ایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام لانے کا واحد راستہ مکالمہ اور سفارتکاری ہے۔دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور پاک-ایران تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ایرانی صدر نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، انہوں نے پاکستان میں جاری سیلاب کے باعث قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کونشن سینٹر پہنچے تو چینی صدر نے ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم شہباز شریف کی روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔علاوہ ازیں ترکیہ، بیلاروس، آذربائیجان، تاجکستان، ترکمانستان، کرغزستان اور مالدیپ کے صدور اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی وزیر اعظم سے ملے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات