سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف کا پیپلز پارٹی کے راہنما خالد نواز بوبی کی والدہ کے انتقال پر اظہارتعزیت

پیر 1 ستمبر 2025 17:31

سابق وزیر اعظم راجہ پرویزاشرف  کا  پیپلز پارٹی کے راہنما خالد نواز بوبی ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2025ء) سابق وزیر اعظم اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے پیپلز پارٹی پنجاب کے نائب صدر خالد نواز بوبی کی والدہ کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پنڈورہ راولپنڈی میں اظہار تعزیت کیا۔سابق وزیر اعظم کے بیٹے راجہ خرم پرویز اشرف بھی ان کے ہمراہ تھے ،اس موقع پر مرحومہ کی بلندی درجات، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور آپ کو یہ صدمہ صبر و ہمت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔والدین جیسی عظیم نعمت کا دنیا سے رخصت ہونا ایک بڑا صدمہ ہے، لیکن یقین رکھیں کہ اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہے۔

(جاری ہے)

دعا ہے کہ اللہ پاک آپ کی والدہ کی مغفرت فرمائے اور اپنی رحمت کے سائے میں جگہ عطا کرے،ہم آپ کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں۔

دنیا فانی ہے اور والدین کی جدائی ایک کڑی آزمائش ہے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے والدہ کی قبر کو جنت کا باغ بنا دے، اللہ تعالیٰ ان کی زندگی کی نیکیوں کو قبول فرمائے اور آپ سمیت پورے خاندان کو صبر، سکون اور حوصلہ عطا کرے،تعزیتی ملاقات کے موقع پر اہل علاقہ، کارکنان اور پارٹی رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

خالد نواز بوبی نے اس موقع پر راجہ پرویز اشرف کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تشریف آوری نے نہ صرف میرا بلکہ پورے خاندان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پارٹی قیادت اور کارکنان کی طرف سے ملنے والے تعاون اور محبت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحومہ کی تعزیت کے لیے دن بھر سیاسی، سماجی اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔