سید علی گیلانی مظلوم کشمیری عوام کے لیے امید اور مزاحمت کی علامت ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

پیر 1 ستمبر 2025 18:14

سید علی گیلانی مظلوم کشمیری عوام کے لیے امید اور مزاحمت کی علامت ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کشمیری حریت ر ہنما سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حق خود ارادیت کے حصول اور کشمیر کی آزادی کے لئے جدوجہد نسلوں کی ر ہنمائی کرے گی ۔ پیر کوسید علی گیلانی کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی نے اپنی پوری زندگی حقِ خودارادیت کی جدو جہد کیلئے وقف کی، کشمیری عوام کی قربانیاں اور ثابت قدمی سید علی گیلانی کی جدوجہد کا تسلسل ہے، بھارتی ظلم و جبر سید گیلانی کے عزم کو متزلزل نہ کر سکا، سید علی گیلانی کا نام ہمیشہ کشمیری عوام کی تحریکِ آزادی کے ساتھ جڑا رہے گا، برسوں کی قید و بند اور نظر بندی بھی سید علی گیلانی کے عزم کو کمزور نہ کر سکی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا کردار کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کیلئے مشعلِ راہ ہے، ان کی جدوجہد آزادی کشمیریوں کی کئی نسلوں کو رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ’’ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے‘‘ آج بھی کشمیری عوام کے دلوں کی آواز ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہدِ آزادی کشمیری عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد ہمیں عزم، استقامت اور آزادی کی راہ پر قائم رہنے کا درس دیتی ہے، وہ مظلوم کشمیری عوام کے لیے امید اور مزاحمت کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ حق خودارادیت کی تحریک میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کرتا رہے گا۔