الیکشن ڈیوٹی سے انکار پرخاتون لیکچررزکے وارنٹ گرفتاری جاری

بدھ 7 فروری 2024 21:15

الیکشن ڈیوٹی سے انکار پرخاتون لیکچررزکے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2024ء) الیکشن ڈیوٹی سے انکار پرخاتون لیکچررزکے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے،غیر حاضری اور موبائل فون بند رکھنے پر این اے 95 کا ریٹرننگ افسر تبدیل۔ ذرائع کے مطابق عام انتخابات میں الیکشن ڈیوٹی نہ دینے والے ملازمین کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،ریٹرننگ آفیسر نے ایک ٹیچر کی گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

این اے 121 کے ریٹرنگ آفیسرنے الیکشن ڈیوٹی سے انکار پر کوٹ خواجہ سعید کی لیکچرز کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، تاہم خاتون کی گرفتاری کے متعلق کسی قسم کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔آر اوز کا کہنا تھا کہ ا سکولوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کرنے سے روکنے پر بھی کارروائی ہوگی، گزشتہ روز ایف سی کالج کے پاس نجی اسکول کی انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشن قائم کرنے سے منع کیا تھا آر او کی جانب سے وارننگ پر نجی اسکول کی انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشن قائم کرنے دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناء غیر حاضری اور موبائل فون بند رکھنے پر این اے 95 کا ریٹرننگ افسر تبدیل کر دیاگیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسر کے ڈیوٹی سے دانستہ غیرحاضری اور موبائل فون مسلسل بند کرنے کا نوٹس لیا ہے۔اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر کو تبدیل کر دیاگیا، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی اور معطلی حکم دیا۔