الیکشن 2024:نوازشریف ،شہبازشریف اورحمزہ شہباز شیرکے بجائے عقاب پرمہر لگائیں گے

بدھ 7 فروری 2024 21:26

الیکشن 2024:نوازشریف ،شہبازشریف اورحمزہ شہباز شیرکے بجائے عقاب پرمہر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 فروری2024ء) سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز شریف عام انتخابات 2024 میں مسلم لیگ ن کے انتخابی نشان شیر کے بجائے عقاب پر مہر لگائیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)کے قائد نواز شریف اور صدر شہباز شریف موجودہ الیکشنز میں قومی اسمبلی کا ووٹ اپنی پارٹی کو نہیں دے سکیں گے۔ دونوں رہنماوں کا ووٹ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے عون چوہدری کے نام ہوگا۔

(جاری ہے)

نواز اور شہباز شریف کا ووٹ این اے 128 لاہور میں رجسٹرڈ ہے۔ اس حلقے سے کوئی لیگی امیدوار قومی اسمبلی کا انتخاب نہیں لڑ رہا کیونکہ ن لیگ نے یہاں سے آئی پی پی کی حمایت کا اعلان کر رکھا ہے۔ شہباز شریف کے صاحبزادے اور سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز بھی شیر پر مہر لگانے سے محروم رہیں گے۔ حمزہ شہباز کا ووٹ بھی این اے 128 میں رجسٹرڈ ہے اور یہ ووٹ بھی عون چوہدری کو جائے گا۔ خیال رہے کہ نواز شریف خود قومی اسمبلی کی نشستوں این اے 15 مانسہرہ، این اے 130 لاہور اور شہباز شریف این اے 123 لاہور، این اے 132 قصور سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔