علاقہ مکینوں کا فیصلہ، صوابی میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی

صوابی کے گاؤں ادینہ میں پولنگ اسٹیشن پر عملہ موجود، ووٹ ڈالنے کے لیے کوئی خاتون نہیں آئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 فروری 2024 13:50

علاقہ مکینوں کا فیصلہ، صوابی میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی
صوابی( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 فروری 2024ء ) علاقہ مکینوں کے فیصلے کے بعد صوابی کے گاؤں ادینہ میں خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق حلقہ این اے 20 میں ادینہ میں خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے محروم رکھا جا رہا ہے۔پولنگ اسٹیشن پر عملہ موجود ہے تاہم ووٹ ڈالنے کے لیے کوئی خاتون نہیں آئی۔ عام انتخابات 2024 کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے صوابی پولیس نے بھی سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دی۔

ضلع بھر کے 763 پولنگ سٹیشنوں پر 4 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ضلع بھر میں 350 نارمل پولنگ سٹیشنز ہیں۔ 331 حساس جبکہ 80 انتہائی حساس پولنگ سٹیشنز قرار دیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جہاں مناسب سکیورٹی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں جس میں کیو آر ایف و آر آر ایف سکواڈ 166 موبائل گاڑیوں میں گشت کریں گے۔

(جاری ہے)

داخلی و خارجی و دیگر حساس راستوں پر تقریباً 65 ولیس ناکہ بندیاں کر رکھی گئی ہیں ۔

حساس پولنگ سٹیشنز کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بھی نگرانی کی جائے گی۔ الیکشن کو پر امن بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کے خاطر ضلع بھر میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ سکیورٹی پلان کے تحت میل پولنگ سٹیشنز اور فی میل پولنگ سٹیشنز کو فول پروف سکیورٹی کی خاطر دیگر یونٹس کے افسران و اہلکارروں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں ہیں۔

خیال رہے کہ آج 12 کروڑ 79 لاکھ 21 ہزار 49 رجسٹرڈ ووٹرز 17 ہزار 758 امیدواروں میں سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں اپنے امیدواروں کا انتخاب کریں گے، قومی اسمبلی کے ایک اور صوبائی اسمبلیوں کے تین حلقوں سمیت چار انتخابی حلقوں میں امیدواروں کی اموات کی وجہ سے پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں 14 لاکھ 90 ہزار انتخابی عملہ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے گا، ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ سٹیشنز اور 2 لاکھ 66 ہزار 398 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔