کراچی : الیکشن کمیشن کا این اے 232 کورنگی میں بیلٹ پیپرز چھیننے کا نوٹس

جمعرات 8 فروری 2024 14:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2024ء) الیکشن کمیشن نے این اے 232 کورنگی میں بیلٹ پیپرز چھیننے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 232کورنگی میں بیلٹ پیپرزچھیننے کا نوٹس لے لیا، الیکشن کمشنر سندھ نے آراو اور ڈی ایم او سے رپورٹ طلب کرلی۔الیکشن کمیشن سندھ نے ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کراچی کے علاقے سعود آباد میں ملزمان پریزائیڈنگ افسر سے پولنگ مٹیریل چھین کر فرار ہوگئے تھے، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسکول کے پیچھے سے پولنگ کا چھینا گیا سامان برآمد کر لیا تھا۔پولیس نے بتایا کہ این اے 232 کورنگی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 37 میں نامعلوم افراد داخل ہوئے اور پریزائیڈنگ افسر سے پولنگ مٹیریل چھین کر اور فرار ہو گئے۔واقعے کے فوری بعد پریزائڈنگ افسر پولیس اسٹیشن پہنچا اور واقعے کی اطلاع دی، جس پر پولیس نے فوری کاروائی کی تو پتہ چلا نامعلوم افراد پولنگ مٹیریل چھین کر اسکول کے پیچھے پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔