کراچی کے انتخابی حلقے این اے 236 میں ووٹوں سے بیلٹ باکس بھر گئے

حلقے میں ووٹرز کی بڑی تعداد کی وجہ سے بیلٹ باکسز ووٹوں سے بھرنے کے باعث میں انھیں سِیل کرکے نئے باکسز رکھوائے گئے

جمعرات 8 فروری 2024 19:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2024ء) شہر قائد کے قومی اسمبلی کے انتخابی حلقے این اے 236 میں ووٹوں سے بیلٹ باکس بھر گئے۔تفصیلات کے مطابق این اے دو سو چھتیس میں شہریوں کی بہت بڑی تعداد ووٹ ڈالنے نکل آئی، جس کی وجہ سے گلستان جوہر کے ایک پولنگ اسٹیشن میں بیلٹس باکسز بھر گئے تو دوسرے بیلٹ باکس لائے گئے۔

(جاری ہے)

این دو سو چھتیس میں ہی ووٹنگ کے عمل کے دوران کچھ مسائل کا بھی سامنا رہا، ایف بی آر آفس کے اندر بیسمنٹ میں بنایا گیا پولنگ اسٹیشن ووٹرز کے لیے وبال بن گیا ہے، جہاں ہوا اور روشنی کا کوئی انتظام ہے نہ ہی اندر آنے کا راستہ ٹھیک ہے، جس کی وجہ سے ووٹرز کو بہت پریشانی کا سامنا ہے۔

اس حلقے کے ووٹرز نے ووٹنگ کے عمل میں تاخیر پر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ گلستان جوہر میں کراچی یونیورسٹی کے شعبہ نفسیات میں قائم پولنگ اسٹیشن میں شہریوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں، جہاں پولنگ 8 کی بجائے 11 بجے شروع ہوئی، ووٹرز الیکشن کمیشن کے انتظامات پہ برہم دکھائی دیے۔ حلقے میں ووٹرز کی بڑی تعداد کی وجہ سے بیلٹ باکسز ووٹوں سے بھر گئے تو الیکشن کمیشن کے عملے نے سیاسی جماعتوں کے پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں انھیں سِیل کیا اور نئے باکسز رکھوائے گئے۔