شانگلہ میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج پر پولیس کی فائرنگ سے 4 کارکن جاں بحق ہو گئے

پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان کی جھڑپیں اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی، درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کا الزام

muhammad ali محمد علی جمعہ 9 فروری 2024 21:00

شانگلہ میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج پر پولیس کی فائرنگ سے 4 کارکن ..
شانگلہ ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 فروری 2024ء) پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ شانگلہ میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاج پر پولیس کی فائرنگ سے 4 کارکن جاں بحق ہو گئے، پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان کی جھڑپیں اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی، درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنان نے احتجاج کیا ، پی ٹی آئی نے دعوٰی کیا ہے کہ اس احتجاج کے دوران 4 کارکن جاں بحق ہو گئے۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 11 کے انتخابی نتائج میں مبینہ تبدیلی کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنان نے سوات کے علاقے شانگلہ الپوری میں احتجاج کیا۔ مظاہرین کو پولیس نے منتشر کرنے کی کوشش کی تو اس دوران مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کی صورتحال پیدا ہو گئی۔

(جاری ہے)

پولیس کے ساتھ پی ٹی آئی کارکنان کی جھڑپیں اور ہوائی فائرنگ بھی ہوئی، جس میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ کے باعث 4 پی ٹی آئی کارکن جاں بحق ہو گئے۔ واضح رہے کہ این اے 11 کی نشست پر گزشتہ رات تک سامنے آنے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید فرین کو ن لیگ کے امیر مقام پر برتری حاصل تھی۔ تاہم جمعہ کے روز الیکشن کمیشن کے جاری کردہ غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیر مقام 59 ہزار 863 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار سید فرین 54 ہزار 311 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ نتائج تسلیم نہیں کئے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت اور کارکنان نے انتخابی نتائج میں تاخیر کے خلاف لکی مروت کے ڈی آر او دفتر کے باہر نے احتجاج کیا شیر افضل مروت نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) قومی اسمبلی کے حلقے این اے 41 کے نتائج فوری جاری کریں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جیت کو ہار میں بدلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔