ٓ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عمومی کا اہم اجلاس ، حالیہ انتخابات کا جائزہ لیا گیا،

y تمام حلقوں کے نمائندوں نے دھاندلی کے متعلق رپورٹیں پیش کیں

اتوار 11 فروری 2024 20:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2024ء) جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلس عمومی کا اہم اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ منعقد ہوا جس میں حالیہ انتخابات کا جائزہ لیا گیا اور تمام حلقوں کے نمائندوں نے دھاندلی کے متعلق رپورٹیں پیش کیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمن رفیق سابق اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈووکیٹ جنرل سیکریٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ حافظ مسعود احمد اور کونسل کے ارکان نے خطاب کیا ۔

جے یوآئی ضلع کوئٹہ کی جنرل کونسل نے انتخابات کو مسترد کردیا ، انتہائی بے شرمی سے رزلٹ میں تبدیلی کی گئی ۔این اے 264 اور این اے 262کی قومی اور صوبائی نشستیں جمعیت جیت چکی تھیں ان لوگوں کو دیا گیا جو نامعلوم ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں انتخابی مہم میں زبردست کردار ادا کرنے پر تمام کارکنوں اور امیدواروں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور عوام کا شکریہ ادا کیا گیا کہ انہوں نے نے ووٹ کی پرچی کے ذریعے جمعیت کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا لیکن بدقسمتی سے کچھ قوتوں نے انتہائی ظالمانہ طریقے سے اپنی سابقہ روایات کے مطابق اس بار بھی ملک میں حق اور سچ کی سیاست کرنے اور فلسطین اور افغانستان کے مظلوم عوام کی حمایت کی سزا دیتے ہوئے ان کی نشستوں پر دوسروں کو مسلط کیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی اسلامی شناخت کو بچانے کیلئے جمعیت علما اسلام کو مظبوط کرنا تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے ، ذاتیات اورنفرت کی سیاست کی بجائے ہمیشہ نظریاتی اہداف کو سامنے رکھ کر تاریخ ساز جدوجہد کی ہے اور کرتی رہے گی یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ جمعیت علما اسلام اور عوام کے درمیان فاصلوں کی دیواریں کھڑی کرنے کے لیے ملک کے تقریبا تمام ادارے استعمال ہوئے ہیں، اور ان کے مدمقابل کاغذی اور لفافہ تنظیموں کو پروان چڑھانے کے لیے ریاستی مشینریاں تک استعمال کرنے گریز نہیں کیا ۔

ان چیرہ دستیوں کوناکام بنانے کے لیے جمعیت علما اسلام کی بابصیرت قیادت نے اپنے اسلاف کے مشن پر کار بند رہتے ہوئے ہمیشہ اصولوں اور نظریات پر ڈٹ کر جرئت کے ساتھ مقابلے کئے ، جس کی بدولت جماعت آج ناقابل تسخیر سیاسی ومذہبی قوت کے طور پر نہ صرف موجود ہے بلکہ ملک کے سیاسی نظام کا پہیہ چلانے کیلئے سیاست ان کی محتاج ہے ۔ یہی وہ خاصیت ہے کہ جمعیت کے ہوتے ہوئے غیر اسلامی قوانین کے پاس ہونے اور اسرائیل جیسے اسلام اور انسانیت دشمن ملک کو تسلیم کرنے کے منصوبے خاک میں ملیامیٹ ہوجاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف تحریک کے حوالے سے ملک بھر کے کارکنان جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی اجلاس کے فیصلوں کے منتظر ہیں ۔