ایم کیو ایم پاکستان کاانتخابات میں کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں کامیابی پر جشن

اتوار 11 فروری 2024 21:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 فروری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے عام انتخابات میں کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں میں زبردست کامیابی حاصل کرنے پر جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں اتوار کو شاندار جشن کا اہتمام کیا گیا۔ 8 سال کے طویل عرصے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان اپنا مضبوط گڑھ سمجھے جانے والے علاقے میں ایک بار پھر سیاسی سرگرمیاں کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر ڈپٹی کنوینرز سیّد مصطفٰی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، ڈپٹی کنوینرز انیس احمد قائم خانی، خواجہ اظہار الحسن، عبدالوسیم و دیگر اراکینِ رابطہ کمیٹی، سابق اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز، تحریکی شہداء کے اہلِ خانہ، مُختلف شعبہ جات کے ذمہ داران و اراکین، ٹاؤنز اور یوسیز سے آئے ذمہ داران و کارکنان، گزشتہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواران برائے قومی و صوبائی اسمبلی اور حق پرست بُزرگ، نوجوان، ماؤں بہنوں نے اپنے اہل و عیال کے ساتھ شرکت کی۔

(جاری ہے)

8 سالہ طویل غیر اعلانیہ پابندی کے خاتمے کے بعد جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کی جانب سے عام انتخابات میں کامیابی کا جشن حق پرست عوام و کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہونے کی وجہ سے عوامی جلسے کی صورت اختیار کر گیا، اِس موقع پر کارکنان اور عوام کا جوش قابلِ دید تھا۔ بعض مقامات پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے۔ جناح گراؤنڈ سمیت اطراف کی سڑکیں کارکنان کے جذبات سے لبریز نعروں اور تنظیمی ترانوں سے گونج اٹھیں۔

جناح گراؤنڈ اور پنڈال سے ملحقہ گلیوں چوراہوں کو تنظیمی پرچم اور برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ بعد ازاں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مُختلف سیاسی حلقوں، تجزیہ کاروں کی جانب سے اور عوامی آراء کے مُطابق ایک طویل عرصے کی جد و جہد کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کا اپنا مینڈیٹ واپس لے کر جناح گراؤنڈ میں موجود ہونا شہری سندھ بالخصوص کراچی کے لئے خوش آئند اور شہر کے لئے نیک شگون سے تعبیر کیا جارہا ہے۔