لاہور ہائیکورٹ نے این اے 87 خوشاب میں دھاندلی کیخلاف درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوا دی

پیر 12 فروری 2024 10:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی حلقہ این اے 87 خوشاب سے ناکام امیدوار عمر اسلم خان کی الیکشن نتائج میں دھاندلی کرکے مخالف امیدوار کو کامیاب قرار دینے کے خلاف دائر درخواست الیکشن کمیشن کو بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی ۔عدالت نے کیس نمٹا دیا ۔جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر پیر کوابتدائی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے موقف اختیار کیا کہ فارم 45 کے مطابق عمر اسلم کامیاب ہوچکے ہیں، مگر ریٹرننگ افسر نے فارم 47 میں مخالف امیدوار کو فاتح قرار دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت فارم 45 کے نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے درخواست الیکشن کمیشن کو بھجوادی اور الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا ۔