Live Updates

سرفراز احمد کا مفت تعلیم کیلئے کراچی میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان

مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے بچوں کو تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 فروری 2024 13:52

سرفراز احمد کا مفت تعلیم کیلئے کراچی میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 فروری 2024ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نہ صرف میدان میں اپنی کامیابیوں کے لیے بلکہ پچ کے باہر بھی ان کی فلاحی کوششوں کے لیے مشہور ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے جے ڈی سی فاؤنڈیشن پاکستان کے ساتھ مل کر کراچی میں ایک مفت یونیورسٹی کے قیام کے سنگ بنیاد اعلان کے ساتھ دلوں کو موہ لیا، اس یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبا اور طالبات کو بلا معاوضہ تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

سرفراز احمد کا اپنے بھائی کے ساتھ JDC کے انٹرنیشنل فری سکول ہاؤس آف ایجوکیشن کا دورہ ایک بصیرت انگیز منصوبے کا آغاز کی طرف پہلا قدم تھا۔
جے ڈی سی کے جنرل سیکریٹری ظفر عباس سے ملاقات کے دوران وکٹ کیپر بیٹر نے جے ڈی سی کے ہاؤس آف ایجوکیشن کے ماڈل پر یونیورسٹی بنا کر ہاؤس آف ایجوکیشن کی کامیابی کی تقلید کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بیٹر کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں حصول علم بہت مشکل ہوگئی ہے، طالب علموں کے لیے تعلیم کے مالی اخراجات کا ادا کرنا ناممکن سا ہوگیا ہے جبکہ بڑھتی ہوئی فیس کے سبب بعض اوقات تعلیمی ادارے میں داخلہ لینا بھی ممکن نہیں ہوتا، مالی استعداد نہ ہونے کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی مقاصد کے لیے کوشاں غیر سرکاری تنظیم کے ساتھ مل کر یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں طلبا کو مفت تعلیم فراہم کریں گے تاکہ وہ علم حاصل کرکے اپنا مستقبل سنواریں اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اس ضمن میں عوامی تعاون بہت ضروری ہے، منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سمیت ملک بھر کی جامعات اور ماہرین تعلیم سے بھی رابطے کرکے تعاون حاصل کیا جائے گا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات