استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پولیس اہلکارکوتھپڑ مارنے پرمعذرت کرلی

پیر 12 فروری 2024 17:32

استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پولیس اہلکارکوتھپڑ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے پولیس اہلکار کو تھپڑ مارنے پر معذرت کر لی ، الیکشن کمیشن کے طلبی پر سماعت کے دوران کہا کہ مجھے تھپڑ نہیں مارنا چاہیے تھا، میں معذرت خواہ ہوں جبکہ الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ شکایات کا مطلب یہ تو نہیں کہ آپ پولیس اہلکار کو ماریں۔

تفصیلات کے مطابقاستحکام پاکستان پارٹی کی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی جانب سے پولیس اہلکار کو تھپڑ مارے جانے کے واقعہ کی الیکشن کمیشن ٹربیونل میں سماعت ہوئی، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے حامی اور ووٹرز پولنگ اسٹیشن کے باہر کھڑے تھے، میں نے دیکھا پولنگ اسٹیشن کی گیلری بند ہے اور ایک شخص لوگوں کو آواز دے کر اندر بلا رہا تھا، ہمیں نہیں پتہ تھا یہ صاحب کون ہیں، وہ سول کپڑوں میں تھا، پولیس والوں کو کہا کہ آپ کیا کر رہے ہیں، کیا قانون ان کو حق دیتا ہے کہ یہ سہولت سازی کریں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبر کمیشن پنجاب نے سوال کیا کہ کیا آپ کو قانون حق دیتا ہے کہ آپ تھپڑ ماریں جس پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نہیں قانون حق نہیں دیتا میں نے اس پر معذرت کی ،الیکشن کمیشن کا فردوس عاشق اعوان کو 15 فروری تک تحریری جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔سماعت سے پہلے فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ غیر قانونی کام کرنے والوں کا علاج قانون نہیں کرے گا تو عوام نے ہی کرنا ہے۔دوسری جانب فردوس عاشق اعوان نے پولیس اہلکار کی مدعیت میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجو ع کر لیا ہے