این اے 190کے آزاد امیدوار سابق نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہارکردیا

منگل 13 فروری 2024 22:37

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) این اے 190کے آزاد امیدوار سابق نگران وزیر اعظم محمد میاں سومرو نے انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دھاندلی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

آر او آفیس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد میاں سومرو کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج پر ہمیں شدید تحفظات ہیں سیاسی پارٹی کے عہدیداروں کو پولنگ اسٹیشنز پر مقرر کیا گیا تھا ضلع انتظامیہ دھاندلی میں ملوث ہے ، ہمارے ایجنٹوں کو پولنگ سے باہر نکال دیا گیا تھا اور انہیں ڈرا دھمکایا گیا ، انہوں نے کہا کہ کئی پرزائیڈنگ آفیسر ملے ہوئے تھے منصوبہ بندی کے تحت دھاندلی گئی ہماری شکایات کے باوجود کوئی کاروائی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ چند پولنگ اسٹیشنوں پر 100فیصد ووٹ ڈالے گئے جوکہ ممکن نہیں ، پانچ روز گزر چکے ہیں لیکن ہمیں فارم 45نہیں دئیے جارہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ انتظامیہ کی ملی بھگت سے ہمیں ہروایا گیاہے، انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کریں گے اور ہر ممکن قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم پرامید ہیں ہمیں ضرور انصاف ملے گا۔