9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہمیشہ کی طرح ملک میں صرف انتشار اور فساد چاہتے ہیں

کبھی کہتے180 سیٹیں جیتی ہیں، کبھی کہتے 150 ہیں، کبھی کہتے پی پی پی سے رابطے میں ہیں کبھی کہتے نہیں ہیں، کھبی کہتے حکومت بنائیں گے تو بناؤ بھئی۔ مرکزی رہنماء ن لیگ مریم اورنگزیب کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 فروری 2024 17:46

9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہمیشہ کی طرح ملک میں صرف انتشار اور فساد چاہتے ہیں
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 فروری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہمیشہ کی طرح ملک میں صرف انتشار اور فساد چاہتے ہیں، کبھی کہتے180 سیٹیں جیتی ہیں ، کبھی کہتے 150 ہیں، کبھی کہتے پی پی پی سے رابطے میں ہیں کبھی کہتے نہیں ہیں۔ انہوں نے ایکس پر اپنے ردعمل میں کہا کہ کبھی کہتے ہیں ہم نے 180 سیٹیں جیتی ہیں ، کبھی کہتے ہیں 150سیٹیں جیتی ہیں۔

کبھی کہتے ہیں پی پی پی سے رابطے میں ہیں، کبھی کہتے ہیں پی پی پی سے رابطے میں نہیں ہیں۔ کہتے ہیں مسلم لیگ ن سے رابطہ نہیں کریں گے، او بھائی آپ سے رابطہ کیا کس نے ہے؟ کھبی کہتے ہیں حکومت  بنائیں گے تو بناؤ بھئی۔ کہتے ہیں خیبرپختونخواہ میں الیکشن کمیشن نے کوئی دھاندلی نہیں کی اور پنجاب میں جہاں جیتے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کو شاباش اور جہاں ہارے ہیں وہاں الیکشن کمیشن کا گھیراؤ اور احتجاج ، خیبرپختونخواہ میں سارے فارم 45 ٹھیک ہیں اور پنجاب میں جہاں ہارے ہیں وہاں کے  فارم 45 سب جعلی ہیں اور جہاں جیتے ہیں وہاں کے فارم 45 سب ٹھیک۔

(جاری ہے)

کیا دماغی  حالت ہے ؟ یہ 9 مئی کے ماسٹر مائنڈ ہمیشہ کی طرح ملک میں صرف اور صرف انتشار اور فساد چاہتے ہیں۔ دوسری جانب اے آروائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا 5 رکنی وفد آج رات کو سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔ وفد اسد قیصر، بیرسٹر سیف، اخوند زادہ حسین احمد ودیگر شامل ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے جمیعت علماء اسلام کی قیادت سے رابطہ بھی کیا ہے، سابق اسپیکر اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے ملاقات کا وقت لیا۔ یاد رہے گزشتہ روز سربراہ جےیوآئی ف مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارے اختلافات رہے ہیں، پوشیدہ نہیں ہے، ایوان تو سب کا ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا جسموں کا نہیں دماغوں کا جھگڑا ہے جلد ٹھیک ہوجائے گا۔

مسلم لیگ ن کا وہ امیدوار جو پختونخواہ ملی پارٹی کے مقابلے میں دستبردار ہوچکا تھا، وہ گھر میں سویا ہوا تھا اس کو کہا گیا آپ جیت چکے ہیں، ہم مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے تابع نہیں ہیں، ہم اگر پارلیمنٹ میں جائیں گے تو اپنی حیثیت میں جائیں گے، مجلس عاملہ نے فیصلوں پر نظرثانی کی کوئی گنجائش نہیں رکھی، 22 فروری کو اسلام آباد میں جنرل کونسل کی میٹنگ بلائیں گے۔ اپنے مقاصد حاصل کرنے کیلئے تحریک چلائیں گے ،اسمبلی میں بھی رہیں اور تحریک بھی چلائیں گے۔