این اے 55بارے درخواست پر فیصلہ محفوظ، این اے 56،57سے متعلق درخواست قابل سماعت قرار

میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے ،دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں، چیف الیکشن کمشنر

جمعرات 15 فروری 2024 21:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 فروری2024ء) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے ،دھاندلی کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر اور ممبر خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان نے این اے 55 راولپنڈی کے نتائج سے متعلق درخواست پر سماعت کی، کامیاب امیدوار ابرار احمد کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

کامیاب امیدوار کے وکیل نے کہا کہ ریٹرننگ افسر این اے 55کا حتمی نتیجہ جاری کرچکا ہے، الیکشن کمیشن درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کرے، مزید تحقیقات کیلئے معاملہ الیکشن ٹریبونل کو بھجوایا جاسکتا ہے۔درخواست گزار بشارت راجہ کے وکیل نے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھی این اے 55سے بشارت راجہ جیت رہے تھے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر تو فیصلے نہیں دینے، دھاندلی اور نتائج ردوبدل کے الزامات لگانے والے ثبوت بھی پیش کریں۔

وکیل بشارت راجہ نے کہا کہ ثبوت الیکشن کمیشن کے پاس ہیں، فارم 45کھول کر دیکھ لیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 55 راولپنڈی سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2رکنی کمیشن نے این اے 57سے آزاد امیدوار سیمابیہ طاہر کی عذرداری کی درخواست پر سماعت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ این اے 57کے ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے۔وکیل نے کہا کہ 336میں سے 317پولنگ سٹیشنز پر سیمابیہ طاہر کامیاب ہوئیں، ہمارے پر 333پولنگ سٹیشنز کے اوریجنل فارم 45موجود ہیں، سیمابیہ طاہر 51ہزار ووٹوں سے کامیاب ہورہی تھیں، آراو رپورٹ میں لکھا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران شامل نہیں کیا گیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کہا کہ آر او نے کہا ہے کہ قانون کے مطابق فریقین کی موجودگی میں نتائج مرتب کئے۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے این اے 57راولپنڈی سے آزاد امیدوار سیمابیہ طاہر کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے این اے 57کے ریٹرننگ افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 2رکنی کمیشن نے این اے 56 سے آزاد امیدوار شہریار ریاض کی عذرداری کی درخواست پر بھی سماعت کی۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ این اے 56کے ریٹرننگ افسر نے رپورٹ بھجوا دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 56 راولپنڈی سے آزاد امیدوار شہریار ریاض کی درخواست بھی قابل سماعت قرار دیتے ہوئے این اے 56کے ریٹرننگ افسر کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔الیکشن کمیشن نے آئندہ سماعت کیلئے این اے 56سے (ن) لیگ کے کامیاب امیدوار حنیف عباسی کو بھی نوٹس جاری کردیا۔