این اے 128 لاہور سے کامیاب ہوا ہوں ،ریاست کے ساتھ کسی کو نہیں کھیلنے دیں گے ، عون چوہدری

جمعہ 16 فروری 2024 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کے راہنماء عون چوہدری نے کہا ہے کہ این اے 128 لاہور سے کامیاب ہوا ہوں ، میری کامیابی کا نوٹیفکیشن 9 فروری کو مجھے مل گیا تھا جسے سلمان اکرم راجہ نے چیلنج کیا، لاہور ہائیکورٹ نے معاملہ الیکشن کمیشن پر چھوڑ دیا ہے، تاہم سلمان اکرم راجہ نے وکلا کے ہمراہ آر او آفس پر دھاوا بولا۔

 جمعہ کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عون چوہدری نے کہا  کہ میرے سامنے ایس ایس پی لاہور کی رپورٹ ہے جس میں لکھا ہے کہ سلمان اکرم راجہ کے لوگوں نے لاہور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کی مارپیٹ کی ، ان کے لوگ گرفتار ہیں اور یہ بات کنفرم کی جاسکتی ہے  کہ وہ ان کے لوگ ہیں۔

(جاری ہے)

رہنما آئی پی پی نے کہا کہ ایک اور رپورٹ ہے جس میں کچھ وکلا نے آر او کے آفس پر دھاوابول کر اور پریشرائز کرکے اپنی مرضی کارزلٹ بنوایا، ہمارا کوئی بندہ ادھر نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ  امیدوار کو جانے کی اجازت ہوتی ہے لیکن 70 لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ آر او نے سب کو باہر نکال دیا، انہوں نے باہر لڑائی کی اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔  میں ابھی لاہور جاکر ان پر ایف آئی آر کرواؤں گا۔ میری جیت کا نوٹیفکیشن ہوتا ہے تو راجہ صاحب اسٹے لے لیتے ہیں لیکن عدالت نے اسٹے کو خارج کر کے معاملہ  ای سی پی کو بھیج دیا۔

انھوں نے کہا کہ  سلمان اکرم راجہ ہائیکورٹ جاتے ہیں اور میرا نوٹیفکیشن معطل ہو جاتا ہے، جو فارم 45 یہ دیں وہ ٹھیک ہے لیکن جو ہم دیں وہ غلط ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ میرا پانچواں الیکشن ہے، ہماری روایات میں ہے کہ جب ہم جیتتے ہیں تو ہارنے والا ہمیں مبارکباد دیتا ہے۔ آپ نے ایسی فضا پیدا کر دی ہے کہ جہاں آپ ہار گئے وہاں دھاندلی ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ریاست ہماری ماں ہے اور ہم اس کے ساتھ کسی کو نہیں کھیلنے دیں گے۔عون چوہدری نے کہا کہ کل ہفتہ کو لاہور میں  ایک پریس کانفرنس کروں گا جس میں ایک اور راز فاش کروں گا،انکا کہنا تھا کہ عوام نے مجھے 1 لاکھ 70ہزار سے زائد ووٹ دیئے ہیں، ابھی اطلاعات یہ بھی ہیں کہ کے پی میں آپ نے جو مبینہ دھاندلی کی ہے وہ بھی سامنے آنی ہے ۔ عون چوہدری نے کہا کہ جہانگیر ترین پاکستان کے لیے کام کر رہے تھے اور وہ بیمار بھی ہوگئے تھے۔ جب وہ  پی ٹی آئی سے علیحدہ ہوئے تو انہوں نے سیاست چھوڑنے کا سوچا لیکن ہم نے انہیں منایا۔