Live Updates

ملکی ترقی کیلیے ہمیں معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا

ہم کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے، ملک کو آگے لے جانے کیلیے ہمیں سچ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا، اڈیالہ جیل سے عمران خان کا پیغام

muhammad ali محمد علی ہفتہ 17 فروری 2024 00:18

ملکی ترقی کیلیے ہمیں معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 فروری2024ء) عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق بانی تحریک انصاف عمران خان نے اڈیالہ جیل سے اہم پیغام بھیجا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے سماجی رابطے کی سائٹ پر عمران خان سے ملاقات کا احوال لکھا اور بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم کسی سے کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے بلکہ ملک کی ترقی کی خاطر آگے جائیں گے۔

عمران خان نے نیلسن منڈیلا کے ٹرتھ اینڈ ری کنسلیشن کمیشن کا حوالہ دیتے ہوئے بولا کہ ملک کو آگے لے جانے کیلیے ہمیں سچ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا۔ دوسری جانب اعلامیہ پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کے مطابق عمران خان کو جھوٹے مقدموں میں سزا دینے، بلّے کا نشان چھین لینے اور تحریک انصاف کو زبردستی انتخاب سے باہر رکھنے کی شرمناک کوششوں کے بعد الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے نو منتخب اراکینِ پارلیمان کو نہایت مضحکہ خیز تکنیکی بنیادوں پر ڈی سیٹ کرکے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی آخری سازش میں مصروف ہے، الیکشن کمیشن کے ذریعے اپنے مینڈیٹ کی توہین عوام قبول کریں گے نہ ہی دستور و جمہوریت کی قبریں کھودنے والوں کو کبھی معاف کریں گے۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے مجرمانہ کردار پر تحریک انصاف ہی نہیں، صفِ اوّل کی سیاسی جماعتیں آوازیں اٹھا رہی ہیں، ان کا کمیشن میں بیٹھنے کا مزید کوئی جواز نہیں، فی الفور مستعفیٰ ہوں۔ الیکشن کمیشن کی سرپرستی میں عوام کے مینڈیٹ، دستور اور جمہوریت کی کھلی توہین کی راہ روکنا ملک و قوم کے مفاد کیلئے ناگزیر ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان نے عوامی مینڈیٹ کی کھلی توہین پر پوری قوم کو کل پرامن احتجاج کی کال دی ہے۔

تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کل گھروں سے نکلیں اور دستور، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے حق کی کھلی بے حرمتی کیخلاف نہایت پرامن مگر مؤثر انداز میں صدائے احتجاج بلند کریں۔ اپنے ووٹ کی حرمت کے تحفّظ کیلئے عوام سے اپیل ہے کہ وہ کل بروز ہفتہ معمولات زندگی خصوصاً کاروباری سرگرمیوں کو معطّل رکھیں اور اپنے مسترد شدہ سیاسی عناصر کے مابین اقتدار کی بندر بانٹ کا مکروہ منصوبہ ناکام بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ کورکمیٹی تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پیپلزپارٹی ستّر کی دہائی میں عوامی مینڈیٹ کی کھلی بےحرمتی کے ذریعے پاکستان کو دولخت کئے جانے کا کفّارہ ادا کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات