اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 48 اور این اے 46 سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن معطل کر دئیے

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کیے،این اے 48 سے راجہ خرم نواز اور این اے 46 سے انجم عقیل خان کامیاب ہوئے تھے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 19 فروری 2024 15:11

اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 48 اور این اے 46 سے کامیاب امیدواروں کے ..
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 فروری2024 ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 48 اور این اے 46 سے کامیاب امیدواروں کے نوٹیفکیشن معطل کر دئیے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے احکامات جاری کیے ۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 ،این اے 47 اور این اے 48 اسلام آباد میں امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

این اے 47 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین نے ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ طارق فضل چوہدری کی کامیابی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔ علاوہ ازیں این اے 48 کے آزاد امیدوار علی بخاری نے مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ خرم نواز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنے بغیر نوٹیفکیشن جاری کر دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی بخاری نے کہاتھاکہ الیکشن کمیشن نے ہمیں سنے بغیر نوٹیفکیشن جاری کر دیا،آر او سمیت سب کے خلاف قانونی کارروائی کی درخواست کریں گے۔ علی بخاری نے کہناتھاکہ الیکشن کمیشن نے 11بجے اسٹے جاری کیا اور 1بجے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ این اے 48 کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے راجہ خرم 69699ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جبکہ تحریک انصاف کے آزاد امیدوار محمد شعیب شاہین 59851ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔پیرکوالیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 46سے (ن) لیگ کے انجم عقیل کامیاب قرار پائے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 47سے (ن) لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب قرار پائے جبکہ این اے 48سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کامیاب قرار پائے تھے۔