محمودخان اچکزئی نے غیر قانونی قبضے کے الزامات پر نگران وزیر اطلاعات اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو 20 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا

بزرگ سیاست دان کی جانب سے نوٹس دہندگان پراپنے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈااور میڈیا ٹرائل کرنے کاالزام ‘بے بنیاد اور من گھڑت الزامات سے ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا.وکلاءکے ذریعے بجھوایا جانے والا نوٹس

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 2 مئی 2024 17:26

محمودخان اچکزئی نے غیر قانونی قبضے کے الزامات پر نگران وزیر اطلاعات ..
کوئٹہ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 مئی۔2024 ) پشتون خواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور رکن قومی اسمبلی محمودخان اچکزئی نے غیر قانونی قبضے کے الزامات اور ایف آئی آر کے اندارج پر سابق نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کو 20 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھیجا ہے. واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سعد بن اسد کی سر براہی میں ایک ٹیم نے 3 مارچ کو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ کواری روڈ پر محمود خان اچکزئی کی رہائش گاہ کے قریب کارروائی کی تھی ڈپٹی کمشنر نے محمود خان اچکزئی سے مبینہ قبضے کا پلاٹ واگزار کرانے کا دعویٰ کیا تھا.

(جاری ہے)

اس کارروائی کے وقت محمود خان اچکزئی کا ایک محافظ گرفتار کیا گیا تھا کارروائی کے وقت محمود خان اچکزئی اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے ڈپٹی کمشنر نے پلاٹ سیل کرکے محمود خان اچکزئی کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی تھی. اس کارروائی کے بعد نگران وزیراطلاعات نے پریس کانفرنس کر کے اسے ایک قانونی کارروائی والا اقدام قرار دیا تھا محمود خان اچکزئی کا نوٹس دہندگان پراپنے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈااور میڈیا ٹرائل کرنے کاالزام عائد کیا ہے وکلا کے ذریعے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بے بنیاد اور من گھڑت الزامات سے محمود خان اچکزئی اور ان خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا.

محمود اچکزئی نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ اس نوٹس موصول ہونے کے سات دن کے اندر پریس کانفرنس کرکے ان سے اور ان کے خاندان سے معافی مانگی جائے نوٹس کے مطابق مقرہ وقت کے اندر معافی مانگنے میں ناکامی پر 20 ارب روپے ہرجانہ ادا کرنا ہوگا اور ہرجانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں عدالتی چارہ جوئی عمل میں لائی جائے گی.