پی ٹی آئی کے آزاد امیدوار شوکت بسرا قرآن پاک لے کر الیکشن کمیشن پہنچ گئے

پیر 19 فروری 2024 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار شوکت بسرا الیکشن کمیشن میں قرآن پاک لے کر پہنچ گئے۔الیکشن کمیشن آف پاکستان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 163 بہاول نگر میں انتخابی عذرداری کی سماعت ہوئی۔ ای سی پی کے ممبر کے پی اور بلوچستان پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ اس موقع پر ہارنے والے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار شوکت بسرا قرآن پاک لے کر الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

شوکت بسرا نے الیکشن کمیشن نے کہا کہ میں قرآن پر ہاتھ رکھ کر قسم کھاتا ہوں کہ میں جیتا ہوا تھا۔ میں حلف دیتا ہوں کہ آر او نے نتائج مرتب کرنے کے لیے مجھے نہیں بلایا۔ آپ نے کیس کا فیصلہ ہونے سے پہلے اعجاز الحق کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپ اعجاز الحق کو کہیں کہ قرآن پاک پر قسم کھا لیں تو میں اپنا کیس واپس لے لوں گا۔ ممبر کے پی نے کہا کہ آپ قرآن پاک پر قسم نہ کھائیں، اس کے لیے الگ جگہ ہوتی ہے۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کامیاب امیدوار اعجاز الحق کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت 27 فروری تک ملتوی کردی۔