ووٹ ڈالنا پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے، علامہ بشارت حسین امامی

پیر 19 فروری 2024 22:59

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2024ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری علامہ بشارت حسین امامی نے تنظیم کے مرکزی نائب صدر سید فرزند علی شاہ، سندھ کے صوبائی صدر علامہ سید محمد علی شاہ زیدی اور دیگر کے ہمراہ لاڑکانہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ ڈالنا پاکستان کے ہر شہری کا بنیادی اور آئینی حق ہے، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 2024 کے عام انتخابات کے سلسلے میں ہماری تنظیم کے سربراہ سے ملاقات کی جس میں پاکستان بھر میں ہماری تنظیم نے پیپلز پارٹی کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایٹمی طاقت رکھنے والا واحد اسلامی ملک ہے، یہی وجہ ہے کہ بیرونی قوتیں پاکستان میں اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہی ہیں، دہشت گرد حملے کیے جارہے ہیں جبکہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والی قوتیں پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتی ہیں، ہم پاکستان میں امن چاہتے ہیں تاکہ پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا ازلی دشمن بھارت بلوچستان میں دہشت گردی اور انتشار پھیلا رہا ہے، کشمیری بہن بھائی آزادی کے لیے شہادتوں کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ۔ اس موقع پر علامہ قاضی غلام رضا، علی رضا پنہور، منور جلبانی، ذوالفقار مگسی، ای ڈی ابڑو، پرویز سانگی، غلام قمبر کلہوڑو اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔