ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی رانا وقاص انور کا ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

بدھ 21 فروری 2024 20:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2024ء) ایڈمنسٹریٹر، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد اور قائم مقام ڈپٹی کمشنر اسلام آباد رانا وقاص انور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے ان کے مسائل حل کرنے کے امور پرتبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی ڈی جی ایم سی آئی کامران بخت ، ڈی ایم اے یاسر عرفات ، ڈائریکٹر ریونیو رانا وقاص مستقیم ، ڈائریکٹر 1122 ڈاکٹر مصطفیٰ عالم ، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ارشاد علی جوکھیو ، ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ چوہدری افتخار حیدری اور دیگر وفد میں شامل تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی رانا وقاص انور نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کی ہرممکن کوشش کریں گے تا کہ ان کو کاروبار کے فروغ میں سہولت فراہم ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ تجاوزات کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے مارکیٹوں کا دورہ کریں گے اور چیمبر اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے تعاون سے انہیں ہٹانے کے لئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم سی آئی اسلام آباد کے تمام بل بورڈز کو ہٹانے کے لئے یکساں پالیسی بنا رہی ہے کیونکہ ان سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں سے ریڑھیاں ایک جگہ منتقل کرنے کے لئے وینڈنگ زونز پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی پاسداری کرنے والے شہریوں کو پراپرٹی ٹیکس میں کچھ رعایت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجربرادری بورڈ ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس فیس کو ایم سی آئی یا یونین کونسل میں سے صرف ایک ادارے کو ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ دکانوں کے باہر کھلی جگہیں صرف دکانداروں کو الاٹ کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کسی برانڈ کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا اور صرف خلاف ورزیوں کو ہی مارکیٹوں سے ہٹایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا نام استعمال کر کے کوئی بھی تاجروں کو نوٹس دے تو اس کو حوالہ پولیس کیا جائے۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کو تاجر برادری کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کو اعتماد میں لے کر مارکیٹوں سے تجاوزات کو ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی رضامندی سے بورڈ ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزیوں کو دور کرتے ہوئے کسی عمارت کو گرایا نہ جائے اور اسلام آباد کی تمام مارکیٹوں کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے۔

آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اسلام آباد کی ترقی میں اہم اسٹیک ہولڈر ہے ،ضرورت اس بات کی ہے کہ ایم سی آئی اسلام آباد چیمبر آف کامرس کو اعتماد میں لے کر اہم پالیسی فیصلے کرے۔چیمبر کی ایم سی آئی کمیٹی کے کنوینر محمد اعجاز عباسی ، اجمل بلوچ صدر آل پاکستان انجمن تاجران، خالد چوہدری سابق سینئر نائب صدر آئی سی سی آئی، اسد عزیز صدر جناح سپر مارکیٹ، شہزاد شبیر عباسی صدر سپر مارکیٹ، احمد خان صدر ایف ٹین مرکز، زاہد قریشی آئی ایٹ مرکز، جی ٹین مرکز، جی الیون مرکز اور دیگر مارکیٹوں کے عہدیداران نے بھی اپنی اپنی مارکیٹوں کے مسائل سے ایڈمنسٹریٹر ایم سی آئی کو آگاہ کیا اور ان کے فوری ازالے کی ضرورت پر زور دیا۔