اے این ایف کی 10 کارروائیوں میں 331 کلوگرام منشیات برآمد، 11 ملزمان گرفتار

جمعہ 23 فروری 2024 09:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2024ء) اینٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف 10 کارروائیوں میں 331 کلوگرام منشیات برآمد کرکے 11 ملزمان گرفتارکر لئے ۔اے این ایف ترجمان کے مطابق کارگو آفس اسلام آباد میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 10.5 کلوگرام ہیروئن برآمدکرکے ملزم گرفتارکیا گیا۔لاہور کوریئر آفس میں سری لنکا بھیجے جانے والے پارسل سے 2.5 کلوگرام آئس برآمدکی گئی ۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر قطر جانے والے مسافر سے 68 آئس بھرے کیپسول برآمدکئے گئے ۔

(جاری ہے)

پشاور ایئرپورٹ پر دوحہ جانے والے مسافر سے 1.8 کلوگرام چرس برآمدکی گئی ۔لاہور ایئرپورٹ پر نائجیریا سے بھیجے گئے پارسل سے 330 گرام کوکین برآمدکی گئی ۔کلی کانک مستونگ سے 255 کلوگرام افیون برآمدکی گئی۔ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر دو ملزمان سے 29 کلو گرام چرس برآمد کی گئی۔

لکپاس ٹول پلازہ مستنگ کے قریب 22 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم گرفتارکیا گیا ۔شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب دو ملزمان سے 7 کلوگرام چرس برآمدکی گئی۔محلہ عثمانیہ گلگت کے قریب 3 ملزمان سے 1 کلو گرام چرس برآمدکی گئی ۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔