ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے چارٹر آف اکانومی بنایا جائے،چوہدری شجاعت

حکومتی اور اپوزیشن جماعتوں کو معاشی ڈائیلاگ میں شامل کیا جائے،چوہدری سالک حسین نے شجاعت حسین کا پیغام نامزد وزیراعظم شہباز شریف کو پہنچا دیا

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 24 فروری 2024 10:25

ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے چارٹر آف اکانومی بنایا جائے،چوہدری ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 فروری2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے چارٹر آف اکانومی بنایا جائے، حکومتی جماعتوں کے ساتھ اپوزیشن جماعتوں کو بھی ڈائیلاگ میں شامل کیا جائے،مسلم لیگ ق کے رہنما چودھری سالک حسین نے شجاعت حسین کا پیغام نامزد وزیراعظم شہباز شریف کو پہنچا دیا۔

اپنے پیغام میں سربراہ ق لیگ کا کہنا تھاکہ ہمیں سیاست کو پیچھے رکھ کر ملکی معیشت کو اولین ترجیح دینی چاہیے، ملک و قوم کو معاشی بحرانوں سے نکال کر پاکستان کو فلاحی مملکت بنانا ہر جماعت کا ہدف ہونا چاہیے۔چوہدری سالک حسین کے مطابق چوہدری شجاعت چاہتے ہیںملک کو بحرانوں سے جلد از جلد نکالا جائے اور اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک ٹیبل پر بیٹھنا چاہئے تاکہ موجودہ صورتحال سے ملک کو نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔چودھری سالک حسین نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک کواس وقت اتحاد کی ضرورت ہے لہٰذامعاشی بہتری کیلئے ہماری جماعت حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔دریں اثناءچوہدری شجاعت حسین سے پاکستان مسلم لیگ ق کے نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔

چوہدری شجاعت حسین نے تمام نومنتخب ارکان اسمبلی کوحلف اٹھانے پر مبارکباد دی۔ملاقات کرنے والوں میں عبداللہ یوسف وڑائچ، چوہدری شافع حسین، سالک حسین، سید مددعلی شاہ، راجہ محمد اسلم، خالد اصغر گھرال،تاشفین صفدراورسلمہ سعید ہاشمی شامل تھے۔چوہدری شجاعت حسین نومنتخب ارکان پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک کواس وقت اتحاد کی ضرورت ہے ملک کواس وقت اتحاد کی ضرورت ہے سب مل کرملک اورجماعت کی مضبوطی کیلئے کام کریں۔آپس کے اختلاف کو ختم کرکے ہمیں اس وقت صرف ملکی مفاد کے بارے میں سوچنا چاہئے۔