Live Updates

ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے، شہبازشریف

معاشی استحکام کیلئے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی، سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے نہ تھی۔ صدر ن لیگ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 فروری 2024 15:55

ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے، شہبازشریف
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 فروری2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام نہایت ضروری ہے، معاشی استحکام کے لیے تمام تر اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے کاوشیں کرنا ہوں گی۔ تفصیلات کے مطابق اتحادی جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم کے لیے نامزد امیدوار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی اورمعاشی استحکام کے لیے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے نہ تھی، ملک سے غربت، بے روزگاری اور جہالت کے خاتمے کے لیے مل کرجدوجہد کرنا ہوگی، سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام اور پُرامن فضاء بے حد اہمیت کی حامل ہے، پاکستان تب ہی خوشحال ہوگا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی، تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے، پہلے بھی معاشی ترقی،استحکام کی روشن مثال قائم کی، اب بھی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، زندہ قومیں چیلنجزاورمشکلات کا سامنا جرآت اور محنت سے کرتی ہیں، متحد ہوکر آگے بڑھیں گے اور مسائل حل کریں گے، میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کوخوشحالی وترقی کی راہ پرگامزن کریں گے۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے حکومت بننے سے قبل ہی اس کی مدت سے متعلق پیش گوئی کر دی، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دو سال تک چلے گی، آگے چل کر مسائل پیدا ہو سکتے ہیں، کچھ لوگ مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کریں گے مگر ناکام ہو جائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کا دو سال تک کوئی مستقبل نظر نہیں آ رہا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے غلطی پر غلطی کروائی جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات