Live Updates

ْمقدمات کی تفصیلات فراہمی کیس،شبلی فراز کی درخواست پر نیب، حکومت، اینٹی کرپشن سے جواب طلب

پیر 26 فروری 2024 14:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2024ء) پشاور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر شبلی فراز کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب)، حکومت اور اینٹی کرپشن سے 3 روز میں جواب طلب کرلیا ہے۔پیر کو جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس وقار احمد نے مقدمے کی سماعت کی۔دوران سماعت سابق وزیر کے وکیل نے بتایا کہ شبلی فراز کے خلاف دائر مقدمات کے بارے میں ہمیں تفصیل نہیں دی گئی ہے۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ شبلی فراز کے خلاف وفاقی حکومت کا کوئی کیس نہیں ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (نیب)کے وکیل نے بتایا کہ ہم آئندہ سماعت پر جواب جمع کریں گے۔بعد ازاں عدالت نے نیب، حکومت اور انٹی کرپشن سے 3 روز میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 5 مارچ تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

پشاور ہائی کورٹ نے شبلی فراز کی ضمانت میں بھی توسیع کردی ہے۔یاد رہے کہ 21 فروری کو پشاور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے انہیں 26 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔

واضح رہے کہ یکم مارچ 2023 کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی پر 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے تھے۔ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ایک ہجوم نما لشکر اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے ہوئے پیدل اور گاڑیوں پر جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی گیٹ پر پہنچا۔مقدمات میں فرخ حبیب سمیت اس وقت پی ٹی آئی میں موجود دیگر رہنماں راجا خرم، مرادسعید، علی نواز، عامرکیانی، ، غلام سرور خان راجا بشارت، شہزاد وسیم، شبلی فراز، کرنل عاصم، میجر طاہر صادق اور حماد اظہر کے نام شامل کیے گئے تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات