Live Updates

مریم نواز کی پہلی تقریر، والدہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی تصویر کو سامنے ڈائس پر رکھا

دوران خطاب والدہ کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز کی آنکھوں میں آنسو آگئے،والدہ اور قوم کی تمام ماوٴں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 26 فروری 2024 14:31

مریم نواز کی پہلی تقریر، والدہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی تصویر کو سامنے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 فروری2024 ء) مریم نواز نے بطور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں تقریر کے دوران اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی تصویر کوسامنے ڈائس پر رکھا ،دوران خطاب والدہ کا ذکر کرتے ہوئے مریم نواز کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔مریم نواز نے اپنی مرحومہ والد ہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر بھی انتہائی مشکل وقت آئے۔

والدہ نے مجھے تعلیم اور مشکلات کا سامنا کرنے کی ٹریننگ دی، والدہ نے سکھایا کس طرح مضبوطی سے مشکلات کا سامنا کیا جاتا ہے، آج اپنی والدہ اور قوم کی تمام ماوٴں کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی مرحوم والدہ کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں کیونکہ انہوں نے مجھے ایسے حالات کیلئے تیار کیا جن کا شاید اندازہ نہیں تھا مجھے ان سے بھی گزرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھاکہ جمہوریت کیلئے بیگم کلثوم نواز نے گھر کی دہلیز سے باہر قدم نکالااور آمر کا مردانہ وار مقابلہ کیا اور وہ اپنے حق کیلئے کھڑی رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہاں بہت بڑی تعداد میں خواتین موجود ہیں ، آج ایک تاریخ بن رہی ہے،آج ہر ماں، بیٹی کی فتح ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عورت ہونا آپ کے خوابوں کی تعبیر میں رکاوٹ نہیں بن سکتا۔

میرا وزیراعلیٰ بننا ہر پاکستانی خاتون کیلئے ایک اعزاز ہے۔دعا کرتی ہوں کہ یہ سلسلہ آگے بڑھے اور کل کو کوئی اور خاتون میری جگہ لے۔یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی نامزد امیدوار مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج نو منتخب اسپیکر ملک محمد احمد خان کی زیر صدارت ہو رہا ہے۔

مریم نواز 220 ووٹ لیکر پاکستان کی تاریخ کی پہلی وزیراعلیٰ منتخب ہوئیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار رانا آفتاب نے صفر ووٹ حاصل کیا۔پنجاب اسمبلی آمد سے قبل مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے جاتی امرا میں دادا، دادی اور والدہ کی قبروں پر حاضری دی اور پھر اسمبلی کیلئے روانہ ہوئیں۔وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے مسلم لیگ ن کی نامزد امیدوار مریم نواز تھیں جبکہ سنی اتحاد کونسل نے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے رانا آفتاب کو نامزد کیا ۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات