قانون کی حکمرانی کے لئے طلباء جھوٹی معلومات پھیلانے والے سوشل میڈیا چینلز مسترد کریں، جسٹس خالد رشید

پیر 26 فروری 2024 17:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2024ء) آزاد جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے معزز جج مسٹر جسٹس چوہدری خالد رشید نے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور ریاستی ادارے پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے طلباء جھوٹی معلومات پھیلانے والے سوشل میڈیا چینلز کو سبسکرائب نہ کریں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز میں’کریمینل قانون: چیلنجز اور مواقع‘ پرخصوصی سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی راوکوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد زکریا ذاکر، ڈائریکٹر انسٹیٹیو ٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں مسٹر جسٹس چوہدری خالد رشید نے پاکستانی معاشرے میں قانون کی حکمرانی کے اہم مسائل پر جامع علمی گفتگوکرتے ہوئے ایمانداری، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت جیسی اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء اور اسکالرز کو نصیحت کی کہ وہ حقائق کا بغور تجزیہ کریں اور اپنے مستقبل کے بارے میں پر امید رہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پنجاب یونیورسٹی کے سابق طالبعلم ہیں اور اس مادر علمی سے بہت کچھ سیکھا۔ پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے ذمہ دار اور قانون کی پابندی کرنے والے شہریوں کی تربیت میں تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی۔پروفیسر ڈاکٹر روبینہ ذاکر نے معزز جج مسٹر جسٹس خالد رشید کا پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کرتے ہوئے اہم سماجی و قانونی مسائل اجاگر کرنے پر شکریہ ادا کیا اور سووینئر پیش کیا۔