نیشنل پریس کلب اسلام آباد کی جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس،این پی سی انتخابات 7مارچ کو کرانے کا اعلان

پیر 26 فروری 2024 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2024ء) صدرنیشنل پریس کلب انور رضا کی زیر صدارت نیشنل پریس کلب (این پی سی)اسلام آباد کی جنرل باڈی کا سالانہ اجلاس پیر کوپریس کلب میں منعقد ہوا۔ این پی سی صدر نے اجلاس کو گزشتہ برس صحافیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری جنرل خلیل احمد راجہ نے کارکردگی رپورٹ جبکہ فنانس سیکرٹری نیئر علی نے مالیاتی رپورٹ پیش کی جسے ہائوس نے کثرت رائے سے منظور کر لیا۔

اجلاس میں آئندہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیٹی کے قیام اور گورننگ باڈی کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ انور رضا نے اپنے خطاب میں شرکا کو گزشتہ برس کی کامیابیوں اور صحافیوں کی فلاح و بہبودکیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب حکومت نے میڈیا ٹائون فیز ٹو کے قیام کی اصولی منظوری دیدی ہے تاہم مناسب جگہ کیلئے حائل مشکلات دور کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں اورفیز 2 کی اراضی کے تعین کیلئے مختلف جگہوں کا سروے ہوا ۔

(جاری ہے)

انور رضا نے کہا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات 25-2024 کو صاف و شفاف اور پر امن بنانے کیلئے اپوزیشن کیساتھ طویل مشاورت کی گئی جس کے نتیجے میں اپوزیشن کے نمائندوں پر مشتمل نو رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہےاور متفقہ طور پر طے پایا کہ رمضان المبارک سے قبل سات مارچ کو انتخابات کرائے جائینگے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے مطالبے پر یہ بھی طے کیا گیا کہ ممبرشپ لسٹ میں کوئی نیا نام شامل نہیں کیا جائے گا حالانکہ آئین کے مطابق منتخب گورننگ باڈی کو نئی ممبرشپ کا اختیار حاصل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ممبران کی سکروٹنی کیلئے تمام میڈیا ہائوسز کو خطوط لکھے گئے اور حقیقی عامل صحافیوں کی فہرست ترتیب دی گئی ہے۔ سیکرٹری جنرل خلیل احمد راجہ نے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اجلاس کو بتایا کہ پریس کلب کے موجودہ انفراسٹرکچر کو برقرار رکھنے اور زیر استعمال اراضی کو خوبصورت بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے جبکہ سکیورٹی نظام کو مزید موثر بنانے کیلئے نئے استقبالیہ اور حفاظتی گیٹ کا قیام عمل میں لایا گیا۔

اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپ آفس میں ایک کروڑ روپے کی خطیر رقم سے سولر سسٹم کی تنصیب کا کام تکمیل کے مراحل میں ہے جس کے قیام کے بعد پریس کلب کو ماہانہ سات سے آٹھ لاکھ روپے کی بچت ہوگی ۔ممبران کو ٹیکس فائلر بننے کی سہولت اور رہنمائی کیلئے ایف بی آر ڈیسک کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔ صحافیوں اور ان کی فیملیز کیلئے مختلف میڈیکل لیبارٹریز کے تعاون سے میڈیکل کیمپس کا انعقاد بھی کیا گیا اور انہیں مفت ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئیں۔

سیکرٹری فنانس نیئر علی نے مالیاتی رپورٹ پیش کرتے ہوئے اجلاس کو بتایا کہ ملازمت سے محروم صحافیوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کی سکول فیس اور غم و خوشی کی تقریبات میں شمولیت کی گئی۔ کچن پیکج سکیم کے تحت سال24-2023 کےدوران بے روزگار صحافیوں کو کچن کا سامان فراہم کیا گیا۔رمضان المبارک کے مقدس ماہ کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی کیمپ آفس میں افطار کا انتظام کیا گیا۔

2023 کے دوران مسیحی برادری کے لیے کرسمس کی تقریب منعقد کی گئی ۔ پریس کلب ممبران کورعایتی نرخوں پر کھانے کی فراہمی کا تسلسل جاری رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب کی موجودہ انتظامیہ نے تمام یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کو یقینی بنایا ، جن میں بجلی ، گیس ، ٹیلی فون بلز، انٹرنیٹ اور پریس کلب کی کیبل کے بلز شامل ہیں۔اجلاس میں معزز ممبر پروفیسر سعید احمد نے نیشنل پریس کلب کیخلاف سوشل میڈیا پر بےبنیاد اور جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے والوں کی ممبر شپ منسوخ کرنے کی قرارداد پیش کی جسے ہائوس نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

اجلاس میں سینئر صحافی حاجی نواز رضا، مطیع اللہ جان سمیت متعدد ممبران نے سوالات کئے جن کے جواب دیئے گئے۔ ہائوس نے مالیاتی رپورٹ اور گورننگ باڈی کے فیصلوں کی متفقہ طور پر  منظوری دی۔ اجلاس میں صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔