مغربی ہوائیں کل سے ملک میں داخل، مختلف مقامات پر بارش ، برفباری کا امکان

منگل 27 فروری 2024 17:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2024ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی، کل ( بدھ ) سے مغربی ہوائوں کا سلسلہ ملک میں داخل ہو گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر بلوچستان کے مغربی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے اور اگلے 36گھنٹوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے، ایک اورطاقتور مغربی لہر آج ( بدھ )مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے،جو یکم مارچ کو بالائی اور وسطی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی اور 3مارچ تک برقرار رہ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یکم مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، تاہم شمالی اور جنوب مغربی بلوچستان، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ2مارچ کو بلوچستان، جنوبی پنجاب،خیبرپختونخوا ،بالائی سندھ، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ،ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہے گا۔