سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز سندھ بریگیڈیئر کبیر احمد کا سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کا دورہ

جمعرات 29 فروری 2024 18:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) سیکٹر کمانڈر پاکستان رینجرز سندھ بریگیڈیئر محمد کبیر احمد نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کا دورہ کیا۔سائٹ کے صنعتکاروں سے امن و امان سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رینجرز کو انسداد دہشت گردی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان سے نمٹنے کا اختیار دیا گیا ہے، ہم ان معاملات میں انڈسٹری کی مدد کے لیے دستیاب ہیں۔

تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے سول انتظامیہ (ڈی سی آفس)کے طریقہ کار کے مطابق اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ ان کے ہمراہ ونگ کمانڈر ( 63 ونگ) لیفٹیننٹ کرنل جہانگیر اختر بھی موجود تھے۔اجلاس میں صدر سائٹ ایسوسی ایشن محمد کامران عربی، سرپرست اعلی زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینیٹر سلیم پاریکھ، چیئرمین لا اینڈ آرڈر سب کمیٹی عبدالہادی، سابق صدر کراچی چیمبر محمد طارق یوسف، سینئر نائب صدر سائٹ ایسوسی ایشن محمد حنیف توکل، نائب صدر محمد فرحان اشرفی، سابق صدور عبدالرشید اور ریاض الدین، ایگزیکٹیو کمیٹی اراکین اور ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

صدر سائٹ ایسوسی ایشن محمد کامران عربی نے سیکٹر کمانڈر کا خیرمقدم کیا اور امن و امان سے متعلق شکایات سننے کے لیے سائٹ کے صنعتکاروں کے ساتھ رابطہ اجلاس کے انعقاد کو سراہا۔انہوں نے سیکٹر کمانڈر کو سائٹ ایریا میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہونے والی انسداد تجاوزات مہم کی پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ علاقے میں منشیات کی ایک مضبوط سپلائی چین موجود ہے جس سے نمٹنے کی اشد ضرورت ہے۔

سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ صنعتکار آسان ہدف ہوتے ہیں جہاں بھاری رقم کا نقاضہ کیا جاتا ہے۔آئی پی کالز پر وائس ٹریس کرنے میں تکنیکی رکاوٹیں آج بھی ایک چیلنج بنی ہوئی ہیں۔انہوں نے صنعتکاروں کی طرف سے فیکٹریوں کی چار دیواری کے باہر لائٹس اور سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے کی صورت میں تفتیش اور مجرموں کا سراغ لگانے میں مدد مل سکے۔

صنعتیں لوگوں کے لیے روزگار کا بڑا ذریعہ ہیں اور پاکستان رینجرز جرائم پیشہ عناصر سے صنعتوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔سرپرست اعلی زبیر موتی والا نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات اور یوٹیلیٹی ٹیرف میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے برآمدی آرڈر پڑوسی ملکوں کو منتقل ہو رہے ہیں۔انہوں نے سیکٹر کمانڈر سے درخواست کی کہ وہ موجودہ صنعتوں کو پرامن ماحول فراہم کرنے میں کردار ادا کریں۔

سیکٹر کمانڈر نے یقین دلایا کہ کراچی کے عوام نے پاکستان رینجرز سندھ کے ساتھ مل کر شہر میں امن بحال کرنے کے لیے قربانیاں دی ہیں اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے ہماری کوششیں ہر قیمت پر جاری رہیں گی۔چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ نے کہا کہ پانی کی چوری اور زیر زمین پانی کے سپلائرز کے خلاف کراچی واٹر اینڈ سیوریج کمپنی (کے ڈبلیو اینڈ ایس سی) کے آپریشن کی وجہ سے صنعتوں کو بھی نقصان ہوا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اس آپریشن میں قانون نافذ کرنے والے ادروں کے ساتھ کھڑی ہیں۔

کے ڈبلیو اینڈ ایس سی سے پانی کی فراہمی میں معمولی بہتری آئی ہے لیکن پانی کی قلت اب بھی برقرار ہے۔انہوں نے پاکستان رینجرز سندھ سے درخواست کی کہ وہ مناسب فورم پر مسئلہ اٹھا کر سائٹ ایریا کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے کے ڈبلیو اینڈ ایس سی پر زور دیں۔ چیئرمین لا اینڈ آرڈر سب کمیٹی عبدالہادی نے سائٹ ونگ اور اس کے کمانڈر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سیکٹر کمانڈر سے درخواست کی کہ وہ سائٹ ایریا سے ہر قسم کی تجاوزات کے خاتمے میں سول انتظامیہ کی مدد کریں۔

ڈی سی کیماڑی کی جانب سے پاکستان رینجرز سندھ سے بھی ایک باضابطہ درخواست کی گئی ہے کہ وہ سائٹ ایریا میں انسداد تجاوزات مہم کے لیے پولیس اور سول انتظامیہ کی مدد کریں۔ انہوں نے رینجرز سیکیورٹی گارڈز (آر ایس جی)کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی جبکہ سیکٹر کمانڈر نے اس کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔